نئی دہلی، 22 جنوری (یو این آئی) ہندوستانی اوپنر شکھر دھون کندھے کی چوٹ کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی -20 اور تین میچوں کی ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں اور ان دونوں سیریز کے لئے بالترتیب سنجو سیمسن اور پرتھوی شا کو ہندوستانی ٹیموں میں جگہ دی گئی ہے ۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹوئنٹی 20 سیریز 24 جنوری سے شروع ہوگی۔ اس کے بعد تین ون ڈے میچوں کی سیریز پانچ فروری سے شروع ہوگی۔ اس دورے کے لیے وراٹ کوہلی کی قیادت والی ٹیم انڈیا پیر کے روز ہی آکلینڈ روانہ ہو گئی تھی۔ شکھر کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے بنگلور میں آخری میچ کے دوران چوٹ لگ گئی تھی۔ شکھر ہندوستانی ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ کے دورے پر نہیں گئے ہوئے ہیں۔ قومی سلیکٹروں نے منگل کو یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی ۔20 سیریز میں شکھر کی جگہ سیمسن اور ون ڈے سیریز میں شکھر کی جگہ پرتھوی لیں گے ۔ نوجوان اوپنر پرتھوی نے نیوزی لینڈ کے دورے میں نیوزی لینڈ الیون کے خلاف 50 اوور کے ون ڈے پریکٹس میچ میں صرف 100 گیندوں پر 150 رنوں کی زبردست اننگز کھیلی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پرتھوی رنجی ٹرافی میچ میں اپنا کندھا زخمی کر بیٹھے تھے اور کندھے کی چوٹ سے ابھرنے کے بعد وہ نیوزی لینڈ کے دورے پر ہندوستان اے ٹیم میں شامل ہوئے ۔
بلے باز شکھر آسٹریلیا کے خلاف بنگلور میں آخری ون ڈے میچ کے دوران آرون فنچ کے شاٹ کو روکنے کی کوشش میں کندھے کے بل گر پڑے تھے ۔ اس کے بعد وہ فوری طور پر میدان سے باہر چلے گئے اور ہندستانی ٹیم کے ہدف کا تعاقب کرنے کے دوران بلے بازی کرنے نہیں اترے ۔ انہیں دوبارہ میچ کے دوران ہی ایکسرے کے لئے اسپتال لے جایا گیا۔ میچ کے بعد شکھر ڈریسنگ روم میں کندھے پر پٹی باندھے دیکھا گیا تھا۔ اس میچ کو ہندستان نے جیت کر سریز 2-1 سے اپنے نام کر لی تھی۔ سنجو سیمسن اور پرتھوی شا ہندستان اے ٹیم کے ساتھ اس وقت نیوزی لینڈ کے دورے پر ہیں جہاں ہندستان اے اور نیوزی لینڈ الیون کے درمیان بدھ سے تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جانی ہے ۔سیمسن ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبو کر چکے ہیں۔ وہ اس ماہ کے شروع میں سری لنکا کے خلاف کھیلے تھے لیکن روہت کی واپسی کے بعد وہ نیوزی لینڈ کے دورے سے باہر ہو گئے ہیں۔شکھر کو گزشتہ سال ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی -20 سریز سے پہلے بھی پیر میں چوٹ لگ گئی تھی، اس وقت ٹیم میں سیمسن نے ان کی جگہ لی تھی۔
ٹی -20 ٹیم: وراٹ کوہلی (کپتان)، روہت شرما (نائب کپتان)، سنجو سیمسن، لوکیش راہل، شریئس ایر، منیش پانڈے ، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، شیوم دوبے ، کلدیپ یادو، یجویندر چہل، واشنگٹن سندر، جسپریت بمراھ، محمد سمیع، نودیپ سینی، رویندر جڈیجہ، شاردل ٹھاکر۔ ون ڈے ٹیم: وراٹ کوہلی (کپتان)، روہت شرما (نائب کپتان)، پرتھوی شا، لوکیش راہل، شریئس ایر، منیش پانڈے ، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، شیوم دوبے ، کلدیپ یادو، یجویندر چہل، رویندر جڈیجہ، جسپریت بمراھ، محمد سمیع ، نودیپ سینی، شاردل ٹھاکر، کیدار جادھو۔