شیخ پورہ بڈگام اور گاندربل میں عوامی وفود سے ملاقی ہوئے، پروجیکٹوں کا افتتاح کیا
کہا ’دفعہ 370 جموں کشمیر کی تعمیر و ترقی میں بہت بڑی رکاوٹ تھا‘
سری نگر؍؍مرکزی حکومت کی جموں کشمیر میں جاری عوامی رابطہ مہم کے تحت مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ جی کشن ریڈی بدھ کے روز وارد سری نگر ہوکر براہ راست وسطی ضلع بڈگام کے شیخ پورہ علاقے میں پہنچ گئے۔ انہوں نے وہاں پنچایت گھر میں مختلف عوامی وفود کے ساتھ ملاقی ہونے کے علاوہ کئی پروجیکٹوں کا ای افتتاح کیا نیز ایک عوامی اجتماع سے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر موصوف مرکزی وزیر نے کہا کہ دفعہ 370 جموں کشمیر کی تعمیر وترقی میں ایک بہت بڑی رکاوٹ تھا۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کی ہمہ گیر ترقی مرکزی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔جی کشن ریڈی، مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی کے بعد، دوسرے مرکزی وزیر ہیں جو مرکز کی طرف سے جموں کشمیر میں جاری عوامی رابطہ مہم کے تحت وارد وادی ہوئے ہیں۔مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ کشن ریڈی اپنے شیڈول کے مطابق بدھ کے روز وارد وادی ہوکر سیدھے سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے محض تین کلومیٹر کی دوری پر واقع وسطی ضلع کے شیخ پورہ علاقے کے پنچایت گھر پہنچ گئے۔موصوف مرکزی وزیر نے پنچایت گھر میں کئی پروجیکٹوں جن میں گرلز ہوسٹل بڈگام، ڈاکٹروں کے لئے ضلع ہسپتال بڈگام میں ایک ہوسٹل وغیرہ کا ای افتتاح کرنے کے علاوہ کئی عوامی وفود کے ساتھ ملاقات کی۔ اس دوران عوامی وفود جن میں اوقاف کمیٹی اوم پورہ، اوقاف کمیٹی ایچھ گام، رنگ روڈ وفد، اوم پورہ ہائوسنگ کالونی وفد، عارضی کالج اساتذہ کی وفد نے موصوف مرکزی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے سد باب کے لئے اْن سے مدد طلب کی۔اس موقع پر جی کشن ریڈی نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 370 جموں کشمیر کی تعمیر و ترقی میں بہت بڑی رکاوٹ تھا۔انہوں نے کہا: ‘دفعہ 370 جموں کشمیر کی ترقی کے لئے بہت بڑی رکاوٹ تھا اور جموں کشمیر کی سماجی ومعاشی ترقی مرکزی سرکار کی ترجیحات میں شامل ہے’۔موصوف وزیر نے کہا کہ ملک کا استحکام سیکولرازم پر منحصر ہے اور جموں کشمیر کے نوجوانوں کو ملک کے دیگرحصوں کے نوجوانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونے کے قابل بنایا جائے گا۔وسطی ضلع بڈگام میں پروگرام کے اختتام کے بعد مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ گاندربل پہنچ گئے جہاں انہوں نے منی سکریٹریٹ کے احاطے میں عوامی وفود کے ساتھ ملاقی ہونے کے علاوہ کئی پروجیکٹوں کا ای افتتاح کیا۔اس موقع پر موصوف وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مودی حکومت جموں کشمیر کی ہمہ گیر ترقی کے لئے وعدہ بند اور پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا: ‘مودی سرکار جموں کشمیر کی ترقی کے لئے پُرعزم ہے اور جموں کشمیر میں 20.9 کروڑ روپے مالیت کے آٹھ پرجیکٹوں پر جاری کام اسی سال پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا’۔جی کشن نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے انہیں واضح ہدایات ہیں کہ وہ دور افتادہ دیہات میں جاکر لوگوں کے مسائل کو سنیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی فلاح وبہبود کی تمام اسکیموں کو جموں کشمیر میں متعارف کیا جائے گا۔موصوف مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ مودی حکومت کے دور میں جموں کشمیر میں بلدیاتی وپنچایتی اور بلاک ترقیاتی کونسل انتخابات بحسن وخوبی منعقد ہوئے۔قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے نامزد 36 مرکزی وزرا کے ایک ہفتے پر محیط باری باری باری دورہ جموں کشمیر کے کشمیر کڑی کی عوامی رابطہ مہم کا آغاز گزشتہ روز مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کیا۔موصوف وزیر بدھ کے روز واپسی سے قبل سری نگر کے قلب میں واقع تجارتی و تاریخی مرکز لالچوک میں نمودار ہوئے اور وہاں کچھ دکانداروں کے پاس جاکر ان کے ساتھ مختصر بات چیت کی۔