کالا کوٹ میں عوامی رابطہ پروگرام کا انعقاد کیا: کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا اِفتتاح کیا
لازوال ڈیسک
راجوری؍؍مرکزی وزیر مملکت برائے افرادی قوت ، مواصلات ، الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی دھوتری سنجے شامرائو نے آج یہاں کالا کوٹ میں ایک عوامی رابطے کے پروگرام کا انعقاد کیا۔ ناظم تعلیم جموں انورادھا گپتا ، جوائنٹ ڈائریکٹر تعلیم جموں شوکت محمود ،ایڈیشنل ڈی سی کالاکوٹ و دیگر سول اور پولیس افسران اس موقعہ پر موجو دتھے۔عوامی رابطہ پروگرام نے بی ڈی سیز کے چیئرپرسن ، سرپنچ ، پنچ اور لوگوں کی بڑی تعداد موجو دتھی۔ایڈیشنل ڈی سی کالا کوٹ نے ضلع میں جاری کئی ترقیاتی سرگرمیوں اور بہبودی کی سکیموں کے خدو خال پیش کئے۔بی ڈی سی چیئرپرسنوں نے اس موقعہ پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علاقے سے تعلق رکھنے والے کئی مسائل اُبھارے ۔مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت جموںوکشمیر کی کلہم ترقی کے لئے متمنی ہے اور اُن کا موجودہ دورہ لوگوں کی دہلیز پر حکومت کی طرف سے سہولیات پہنچانا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ترقی کا عمل ہمیشہ جاری و ساری رہتا ہے اور لوگوں کے مشکلات و مسائل دُورکرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی بہبودی کے لئے حکومت ہند نے کئی سکیمیں شروع کی ہیں جن میں آیوشمان بھارت ، پی ایم کسان، پی ایم من دھن یوجنا ،پی ایم اے وائی ، سکنیا یوجنا، سوبھاگیہ سکیم ، پردھان منتری مدرا یوجنا اور ایس بی ایم شامل ہے۔جموںوکشمیر میں مختلف سکیموں کی عمل آوری یقینی بنانے کا ذکر کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ یونین ٹریٹری میں ایس بی ایم کے تحت 2.5لاکھ بیت الخلاء تعمیر کئے گئے ہیں۔بعد میں مرکزی وزیر نے پنچایت بتھیرا میں ایک کلوٹ ، کالا کوٹ میں 100بستروں والے گرلز ہوسٹل اور چتا پتھر میں 20ہزار گیلن کے گنجائش والے ریزروائر کا اِفتتاح کیا۔