واشنگٹن؍؍ڈیوڈ بیکہم کی انٹر میامی نے یوروگوئے کے ڈیاگو الونسو کوکلب کا ہیڈکوچ مقرر کیا ہے ۔44 سال کے ڈیاگو نے پاچوا اور مونٹیری کی جانب سے کونکاکیف چیمپئنز لیگ خطاب جیتے ہیں ۔الونسو نے کہا، "میں بہت پرجوش ہوں۔ میں اس لیگ کو بہت اچھے سے جانتا ہوں۔ میں اس کے چیلنجوں سے بھی واقف ہوں۔ یہ میرے لئے ایک بہت اچھا پروجیکٹ ہے ۔ "وہ اپنی ٹیم کے ایم ایل ایس ڈیبیو میں لاس اینجلس ایف سی کے خلاف مقابلے کے ساتھ اپنا کام شروع کریں گے ۔کلب کا پہلا گھریلو میچ 14 مارچ کو ایل اے گلیکسی کے خلاف لاکھارٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔انٹر میامی اسپورٹنگ ڈائریکٹر پال میکڈوف نے کہا، "ہمیں پتہ تھا کہ ہم اپنی توقعات کے مطابق ایک کوچ کی تلاش کرلیں گے ۔ ہمیں الونسو کی یہی بات سب سے زیادہ پسند ہے کہ انہوں نے کئی بڑے کلبوں کے لیے کوچنگ کی ہے اور بڑے ٹورنامنٹ جیتے ہیں۔ وہ جنوبی امریکہ میں مختلف سطحوں پر کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔ "الونسو نے سال 2011 میں اپنے کوچنگ کیریئر کا آغاز بیلا وستا کلب سے کیا تھا۔ بطور کھلاڑی وہ بیلا وستا، جمناسیا لا پلاٹا، ویلینشیا، ایٹلیٹکو میڈرڈ، ریسنگ سانتانڈیر، ملانگا، یو این اے ایم ، مرسیا، کلب نیشنل، شنگھائی شنھوا اور پینارل کیلئے کھیل چکے ہیں۔سابق انگلش فٹ بال کپتان بیکہم نے سال 2014 میں اپنی خود کی ایم ایل ایس فرنیچائزی خریدنے کی منصوبہ بندی کا انکشاف کیا تھا۔