لازوال ڈیسک
جموں؍؍محکمہ لیبر ضلع جموں نے مالی شمولیت کے ایک اقدام کے طور پر آج درج شدہ لیبروں میں مائیکرو کریڈٹ کسان کارڈ تقسیم کئے ۔ اِس سلسلے میں گورنمنٹ مڈل سکول فندر بشناہ میں ایک بیداری کیمپ کا اِنعقاد کیا گیا جس میں دس ہزار روپے کے قرضے کی سہولیت والے لیبر اے ٹی ایمز اہل ورکروں میں تقسیم کئے گئے ۔ اِس تقریب پر کمشنر سیکریٹری محنت و روز گار سوربھ بھگت ، لیبر کمشنر جے اینڈ کے عبدالرشید وار کے علاوہ کئی اَفسران بھی موجود تھے ۔ لیبر کمشنر نے اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی سرکار کی پنشن سکیموں کی افادیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سطح پر ورکروں کو بااختیار بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں اور سال 2020ء کے دوران ان کوششوں کو تقویت بخشی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ لیبر طبقے کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے نئے سال کے تحفے کے طور پر بلڈنگ اینڈ ادر کنسٹرکشن ورکروں میں لیبر اے ٹی ایم تقسیم کئے ۔