سرکاری دفاتر میں ملازمین کی باقاعدگی کو یقینی بنانے پر زور دیا
لازوال ڈیسک
بانڈی پورہ؍؍ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے سرکاری دفاتر میں ملازمین ک باقاعدگی کو یقینی بنانے اور رشوت خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ صوبائی کمشنر آج یہاں ضلع کی ترقیاتی سرگرمیوں کا جائیزہ لینے کی غرض سے منعقدہ ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے ڈی سی بانڈی پورہ کو ہدایت دی کہ وہ افسروں کو پنچائتی سطحوں پر سرکاری دفاتر کا دورہ کرنے کے کام پر معمور کریں تا کہ ملازمین کی حاضری کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے زمینی سطح پر لوگوں کے ساتھ بہتر تال میل بنائے رکھنے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ کاموں کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے لوگوں کے سائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے رشوت خوری کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ صوبائی کمشنر نے ضلع کے ترقیاتی منظر نامے کا جائیزہ لیتے ہوئے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹوں کی عمل آوری میں سرعت لائیں تا کہ انہیںمعیاد بند مدت کے اندر مکمل کیا جا سکے ۔ انہوں نے گریز وادی میں ایل او سی پر بنکروں کی تعمیر کی پیش رفت کا بھی جائیزہ لیا ۔ اس سے پہلے ڈی سی بانڈی پورہ شہباز احمد مرزا نے ایک پاور پوائینٹ پرذنٹیشن کے ذریعے ضلع کے ترقیاتی منظر نامے کا خاکہ پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جے کے آئی ڈی ایف سی لمٹیڈ کے ذریعے سے 151 کروڑ روپے کی لاگت سے 79 پروجیکٹ منظور کئے گئے ہیں ۔ ان میں سے 38 واٹر سپلائی سکیمیں ، 21 آر اینڈ بی پروجیکٹس ، دو پی ڈی ڈی کے اور چار صحت و طبی تعلیم پروجیکٹ شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بیک ٹو ولیج پروگرام کے پہلے مرحلے میں گاؤں والوں نے 1162 کاموں کی وکالت کی جن میں سے ضلع کے ہر ایک پنچائت میں ایک ایک کام ہاتھ میں لیا گیا اور محکمہ دیہی ترقیات نے 14.73 کروڑ روپے کی لاگت سے کنورجنس موڈ کے تحت ان کاموں کو مکمل کیا ۔ شہبازمرزا نے کہا کہ جل جیون مشن ہر گھر نل کے تحت تمام گھر والوں کی تفاصیل جمع کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سروے نتائج حاصل کرنے کے بعد پی ایچ ای محکمہ کو باقی ماندہ گھروں تک نل کے ذریعے سے پانی پہنچانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ڈی سی بانڈی پورہ نے کہا کہ ضلع انتظامیہ ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے اور اعلیٰ معیار کے کام کو یقینی بنانے کیلئے لگا تار دفاتر کی چیکنگ کر رہی ہے ۔ میٹنگ میں مختلف محکموں کے سربراہان ، ایس پی بانڈی پورہ راہول ملک ، اے ڈی سی بانڈی پورہ ظہور احمد میر اور کئی افسران بھی موجود تھے ۔