نئی دہلی، 16 دسمبر ( یواین آئی) الیکشن کمیشن نے گریڈیہہ میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے ’ریپ ان انڈیا‘ کے تعلق سے بیان کے معاملے میں جھارکھنڈ کے چیف الیکشن افسر سے رپورٹ طلب کی ہے۔ کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ مسٹر راہل گاندھی کے اس بیان کے تعلق سے مرکزی وزیر برائے خواتین و اطفال بہبود اسمرتی ایرانی نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی ۔ اس شکایت کے مدنظر جھارکھنڈ کے چیف الیکشن افسر سے رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔رپورٹ ملنے کے بعد ہی کمیشن اس بارے میں کوئی فیصلہ لے گا ۔ واضح ر ہے کہ مسٹر گاندھی نے جھارکھنڈ میں انتخابی ریلی میں مودی حکومت کے دور میں عصمت دری کے واقعات پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میک ان انڈیا‘ اب ’ریپ ان انڈیا‘ ہو گیا ہے ۔ ان کے اس بیان کے سلسلے میں لوک سبھا میں مسز ایرانی نے کافی ہنگامہ کیا اور اسے خواتین مخالف بتایا اور سیاست پر مبنی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے شکایت کی۔مسٹر گاندھی نے گذشتہ دنوں رام لیلا میدان میں اپنی پارٹی کی ریلی میں کہا’’وہ مر جائیں گے لیکن معافی نہیں مانگیں گے ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ابھی راہل گاندھی سے کوئی جواب نہیں مانگا گیا ہے ۔ اس لئے یہ کہنا غلط ہے کہ انہیں کسی قسم کا نوٹس بھیجا گیا ہے ۔