نئی دہلی،16دسمبر(یواین آئی)جامعہ ملیہ اسلامیہ کے حراست میں لئےگئے سبھی طلبہ کو رہا کرنے کے بعد پولیس ہیڈکوارٹر کے باہر طلبہ کا جاری مظاہرہ آج صبح ختم ہوگیا۔
جامعہ کیمپس میں زبردستی گھس کر پولیس کے ذریعہ طلبہ کے ساتھ کی گئی مارپیٹ کے خلاف جامعہ،جواہر لال نہرو اور دہلی یونیورسٹی کے سیکڑوں طلبہ نے پولیس ہیڈکوارٹر کے سامنے رات بھر مظاہرہ کیا۔مظاہرین طلبہ حراست میں لئے گئے طلبہ کو فوری طورپر رہا کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔انتظامیہ کے ذریعہ ان کے مطالبات کو ماننے اور حراست میں لئے گئے طلبہ کو رہاکرنے کے بعدمظاہرین طلبہ نے آج صبح پولیس ہیڈکوارٹر کے باہر مظاہرہ ختم کردیا۔
دوسری جانب،جامعہ کے مرکزی دروازے پر طلبہ صبح سے نیم برہنہ ہوکر مظاہرہے کر رہے ہیں۔طلبہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے ان کے ساتھ بربریت کی ہے،اس لئے طلبہ انصاف چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ اتوار کے تشدد کے بعد آگ لگانے ،فساد کرنے اور سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے کے سلسلےمیں جامعہ نگر تھانہ اور نیو فرینڈس کالونی میں معاملہ درج کیاگیاہے لیکن فی الحال یہ واضح نہیں ہوپایا ہے کہ یہ معاملے کن لوگوں کے خلاف درج کئے گئے ہیں۔