حکومت سیاحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کیلئے وعدہ بند : فاروق خان
لازوال ڈیسک
جموں؍؍لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں سیاحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور یہ کہ سیاحتی سیکٹر کو بڑھاوا دینے کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ مشیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار آج جموں میں ڈائریکٹوریٹ فلوریکلچر کی عمارت اور باغ باہو کے ایک توسیع پروجیکٹ کا سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد کیا ۔ اس موقعہ پر جموں میونسپل کارپوریشن کے میئر چندر موہن گپتا ، ڈپٹی میئر پورنما شرما ، سیکرٹری فلوریکلچر شیخ فیاض احمد اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ فاروق خان نے کہا کہ حکومت جموں کشمیر میں سیاحت کو بڑھاوا دینے کیلئے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور بالخصوص باغ باہو اور دیگر پارکیں سیاحوں کیلئے دلچسپی کا مرکز ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر یو ٹی میں سیاحتی سیکٹر کے حوالے سے کئی پروجیکٹ عملائے جا رہے ہیں ۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ دو پروجیکٹ اگلے تین برسوں کے دوران چار کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے ۔ انہیں کئی دیگر پروجیکٹوں کی پیش رفت کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی ۔ انہوں نے جموں پارکوں میں زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے اختراعی ماڈل وجود میں لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ بعد میں فاروق خان اور وہاں موجود افسروں نے باغ کے احاطے میں کئی پودوں کی شجرکاری کی ۔