ڈاکٹر سمیت تین معطل ،بیت الخلاء کی حالت خراب ،ای سی جی سیکشن ویرانہ پائی
عمرارشدملک
راجوری؍؍جی ایم سی ایسوسی ایٹ ہسپتال راجوری میں مریضوں کی دیکھ ریکھ کے بارے میں پہلے اندازہ لینے اور کام کا جائزہ لینے کے لئے ضلع انتظامیہ راجوری نے پیر اور منگل کی درمیانی رات کو ہسپتال میں اچانک خفیہ معائنہ کیاجس کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد نظیر شیخ کررہے تھے جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی راجوری شیر سنگھ،ائے سی آر راجوری محمد آشرف ،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ بلال میر اور دیگر سینئر آفیسران بھی خاص طور پر موجود تھے۔وہیں خاص بات یہ ہے کہ ضلع ترقیاتی کمشنر سمیت تمام آفیسران نے عام لوگوں کا بھیس بنا کر رکھا تھا تاکہ ہسپتال کی حقیقت ظاہر ہوسکے اور ہسپتال عملہ سے بھی بھیس بدل کر عام لوگوں کی طرح بات چیت کی اور یہ سلسلہ تین گھنٹے تک جاری رہا اور اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے مریضوں کا رجسٹر ، ای سی جی سیکشن ،ڈالیسیس یونٹ، بلڈ سینٹر ،وارڈوں اور بیت الخلاء سمیت متعدد حصوں کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد نظیر شیخ نے مریضوں سے بھی تفصیل حاصل کی اور سہولیات کے بارے بھی جانکاری حاصل کی ۔وہیں خاص بات یہ ہے کہ اس موقع پر بڑی تعداد میں چوھوں کی گشت دیکھنے کو ملی اور مریضوں نے بھی بتایا کہ اکثر رات کو چوھے پریشان کرتے ہیں اور مریصوں کے بستر پر بھی کود کر آتے ہیں ۔اس موقع پر ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک میں ڈیوٹی پر مامور ایک ہی ڈاکٹر پورے ہسپتال کے مریضوں کی دیکھ بھال کر رہا ہے اور رات کی ڈیوٹی کے لئے دوسرا کوئی ڈاکٹر تعینات نہیں تھا ۔اس کے علاوہ ہسپتال کے زیادہ تر بیت الخلاء بھی انتہائی خراب حالت میں تھے اور آرتھوپیڈک وارڈ کا بیت الخلاء بغیر روشنی کے تھا یعنی وہاں بجلی کا کوئی انتظام نہیں تھا۔اکثریت والے وارڈوں میں کوئی ڈیوٹی روسٹر نہیں پایا گیا جبکہ کچھ وارڈوں میں ڈیوٹی روسٹر نامکمل تھے۔رات کے اوقات میں بلڈ بینک اور لینارٹری کے حصے کو ایک ہی خواتین ملازم کے ذریعہ چلایا جارہا تھا جبکہ کوئی ای سی جی ٹیکنیشن رات کی ڈیوٹی کے لئے موجود نہیں تھا ۔اسی طرح ای سی جی سیکشن میں بھی لاک پایا گیا اور سی ٹی سکین مشین غیر فعال پائی گئی تھی۔اس موقع پر یہ بھی معلوم ہوا کہ کچھ ملازمڈیوٹی سے غیر حاضر ہیں اور دیگر ملازم روسٹر میں مذکور افراد کی جگہ فرائض کی نقالی کر رہے تھے۔اس طرح کے مذموم رویہ کا نوٹس لیتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد نظیر شیخ نے ڈاکٹر ریاض احمد سمیت دو جونیئرنرسوں کو معطل کردیا اور ناقص کام کی ثقافت کے لئے ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو بھی وضاحت پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور جلد محکمہ صحت کے ملازمین سے علیحدہ میٹنگ کرنے کی ہدایت بھی دی ۔ نظیر شیخ نے کہا کہ صحت کا شعبہ حکومت کا ترجیح شعبہ ہے اور راجوری جی ایم سی ہسپتال صحت کا اہم ادارہ ہے جس کامقصد ہر ایک شخص کو مناسب صحت مندی سے دیکھ بھال کرنا ہے اور صرف راجوری نہیں بلکہ بونچھ اور ریاسی سے بھی مریضوں کا آنا ہوتا ہے اور اس لئے اس ہسپتال کو بہتر اور کامیاب ہسپتال بنانا ہے جہاں عام لوگوں کو بھی بہتر علاج مل سکے۔