ریاض ملک
منڈیرہبر تعلیم اساتذہ فورم پونچھ کے ارکان نے یہاں ڈاک بنگلو منڈی میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکریٹری موصوف نے حکمنامہ جاری کیا تھا کہ جو بھی ملازم پنچائتی اور بلدیاتی انتخابات میں فرائض انجام دے گا اسکو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دی جائے گی ۔اس سلسلہ میں متعدد بار چیف الیکشن آفیسر نے ضلع الیکشن آفیسران سے ضروری اطلاعات مانگی تھیں اب یا تو ضلع سطح پر یا پھر ریاستی سطح پر لا پرواہی برتی جارہی ہے جسکی وجہ سے آج چار ماہ ہونے کو ہیں کہ ابھی تک وہ تنخواہ ملازمین کو نہیں دی گئی ہے- اساتذہ نے ضلع انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ اس میں بھی فیل ہو گئی کہ ٹی اے ڈی اے بھی ابھی تک کچھ بلاک میں ہوئے الیکشن میں حصہ لینے والے ملازمین کو نہیں دیا گیا جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس حساس معاملہ کو سنجیدگی سے نہیں لیا جارہا ہے ورنہ یہ انتظامیہ کے لئے کوئی بڑی بات نہیں ہے ۔وہیں موقع پرحمید نباض نے ضلع الیکشن آفیسر پونچھ سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ اضافی تنخواہ اور ٹی اے ڈی اے کو جلد واگزار کروانے میں اپنا مخلص کردار نبھائیں تاکہ ملازامین کے ساتھ انصاف ہوسکے اور ملازمین کا انتظامیہ پر بھروسہ کمزور ہونے کے بجائے اور بھی مضبوط ہو سکے کیونکہ یہ پیسہ الیکشن کمیشن کی طرف سے دیا جانا ہے اس میں کسی کو کوتاہی برتنے کی گنجائش نہیں ہونی چاہئے-اس دوران صوبہ نائب صدر نشاط تانترے نے انڈر گریجویٹ ایس ایس اے اساتذہ کو ٹیچر گریڈ 2 کے آرڈر نہ ملنے اور غیر مستقل اساتذہ لو مستقل نہ کرنے پر فورم کے چیئرمین فاروق احمد تانترے سے گزارش کی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں نئے ایجوکیشن کمشنر پر زور ڈالیں تاکہ سست روی کو دور کر کے ان اساتذہ کو آرڈر دینے میں سنجیدگی دکھائیں۔اس موقع پر معشوق خان،فاروق منگرال، جاوید مغل،اسرار خان،شوکت دھیدڑ،سجاد خواجہ،آعظم ملک،عبدالرشید،مختار شیخ،شکیل خان،محمد رفیق،شبیر احمد، خلیل شیخ،جمیل احمد و دیگر ملازمین بھی اس موقع پر شامل تھے ۔