نو۔ پارکنگ زون میں گاڑی رکھنے والوں پر کسا شکنجہ
شیخ الطاف
کشتواڑ//قصبہ کشتواڑ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نو پارکنگ زون میں گاڑیوں کو رکھنے والے افراد کے خلاف آج پولیس کی جانب اہم کاروائی عمل میں لائی گئی جسمیں کئی گاڑیوں کو قانون کی خلاف ورزی کرنے پر ضبط کیا گیا ۔جبکہ غلط پارکنگ میں کھڑی کئی گاڑیوں کے ٹائروں کی موقعہ پر ہی ہوا اتاری گئی جس سے لوگوں میں کافی زیادہ روش دیکھنے کو ملا۔ تھانہ پولیس کشتواڑ کے ایس ایچ او نے بتایا کہ ضلع ایس ایس پی کی ہدایت پر آج قصبہ میں 32 گاڑیوں کو غلط پارکنگ کے خلاف ضبط کیا گیا ہے۔ جبکہ موقعہ پر ہی کئی گاڑیوں کے ٹائروں کی ہوا اتار دی گئی کیونکہ ان گاڑیوں کے مالکان کو موقعہ پر غیر حاضر پایا گیا۔ مقامی شخص نامی کشوری لال نے نمائندہ کو بتایا کہ: "میںا سٹیٹ بینک گیا ہوا تھا اور اپنی موٹر سائیکل باہر رکھی ہوئی تھی۔ لوٹنے پر دیکھا کہ میری موٹر سائیکل کے دونوں ٹائروں کی ہوا اتار دی گئی ہے۔ معلوم کرنے پر پتا چلا کہ پولیس نے میری موٹر سائیکل کو کھڑا دیکھ کر اس کے دونوں ٹائروں کی ہوا اتار دی اور بنا چلان کئے چلے گئے”۔اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ کمشنر کشتواڑ نریج شرما نے بتایا کہ انڈین موٹر وہیکل ایکٹ 1986 کے تحت اس طرح کا کوئی بھی جواز نہیں بنتا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر گاڑیوں کے ٹائروں کی ہوا اتار دی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ایکٹ کے تحت کئی ضابطے ہیں جن کے تحت رانگ پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو ضبط کیا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ قصبہ کشتواڑ میں ٹریفک کا نظام کافی مدت سے تباہی کے دہانے پر ہے۔ متعدد ٹریفک پریشانیوں میں ٹریفک جام، رانگ پارکنگ، روڈ سائڈ پارکنگ وغیرہ شامل ہے جبکہ ہر سال گاڑیوں کی رجسٹریشن میں اضافہ ہی ہورہا ہے لیکن نا ہی پارکنگ جگہوں میں اضافہ ہے اور نا ہی سڑکوں کی چوڑائی کا کوئی ذکر ہے۔