ڈگری کالج مینڈھر میں عالمی یوم خواتین کے تحت تقریب
ناظم علی خان
مینڈھر // ویمن ڈیو lلپمنٹ سیل اور شعبہءسماجیات،گورنمنٹ ڈگری کالج،مینڈھر کے اشتراک سے عالمی یومِ خواتین کے سلسلے میں ” توازن ،بہتری کے لیے“ کے موضوع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیاجس کی صدارت ڈاکٹر عبدالروف، رابطہ کار، آئی۔کیو۔اے۔سی،گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھرنے کی۔ ڈاکٹر جمیل احمد،صدر شعبہءسماجیات نے اپنے استقبالیہ میں عالمی یومِ خواتین کے دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ خواتین کے مسائل پر سنجیدگی سے غور کیا جائے ۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ کسی بھی سماج کی تعمیر و ترقی ،دراصل خواتین کی فلاح و بہبود سے مشروط ہے۔اِس لیے کہ خواتین ہماری آبادی کا نصف حصہ ہے۔ انھوں نے اِس بات کی جانب اِشارہ کیا کہ جاگیرداری نظام نے خواتین کے حوالے سے جو اخلاقیات وضع کی تھیں ، اور جن کی وجہ سے خواتین کو سماج میں اعلی مقام نہ مل سکا،وہ آج بھی قائم ہیں۔ اِن کے علاوہ پروفیسر سکھ میت کور اور ڈاکٹر رفعت ناز کوثر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر عبدالرﺅف نے اپنے صدارتی خطبے میں اِس طرح کی تقریب منعقد کرنے پر آرگنائزرس کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ اِس سے خواتین کے مسائل کے حوالے سے بیداری پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ تقریب میں طلبہ کے علاوہ کالج فیکلٹی نے بھی شرکت کی۔ آخر میں ڈاکٹر رفعت ناز کوثر نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔