یواین آئی
لندن //انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ایلیسٹر کک کو بکنگھم پیلس میں منعقد ایک تقریب میں باقاعدہ طور پر نائٹ ہڈ کے اعزاز سے نوازا گیا ہے ۔ 34 سالہ کک کو یہ اعزاز کرکٹ میں ان کی شاندار کارکردگی کے لئے دیا گیا ہے ۔ایسیکس کرکٹ نے منگل کو ایک بیان جاری کرکے یہ اطلاع دی۔ایسیکس کرکٹ نے اپنے بیان میں کہا، "سر ایلیسٹیر کک کو کرکٹ میں ان کے بہترین تعاون کے لئے آج بکنگھم پیلس میں منعقد ایک پروگرام میں باقاعدہ طور پر نائٹ ہڈ کے اعزاز سے سرفراز کیا گیا”۔برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم نے کک کو نائٹ ہڈ میڈل سے نوازا۔نائٹ ہڈ سے سرفراز کئے جانے کے بعد دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک کک نے کرک انفو سے کہا کہ اس سے پہلے انہیں اپنے نام کے آگے ‘ سر ’ لکھے جانے کی عادت نہیں رہی ہے ۔کک نے کہا، "مجھے نہیں لگتا کہ میں کبھی اپنے نام کے آگے ‘سر’ لکھے جانے کی عادت کو اپنا پا¶ں گا۔” کک نے کہا کہ انہیں جب یہ میڈل دیا جارہا تھا تب وہ کافی نروس تھے ۔واضح رہے کہ 12 سال کے بعد انگلینڈ کے کسی کرکٹر کو نائٹ ہڈ کی ڈگری سے نوازا گیا ہے ۔ اس سے پہلے سال 2007 میں سابق آل راونڈر ایان بوتھم کو نائٹ ہڈ کا میڈل دیا گیا تھا۔بائیں ہاتھ کے سرکردہ بلے باز کک نے گزشتہ سال ستمبر میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لیا تھا۔ کک نے لندن کے اوول میدان پر اپنے کیریئر کے آخری ٹیسٹ میچ میں ہندوستان کے خلاف یادگار سنچری بنائی تھی۔ کک نے 21 سال کی عمر میں سال 2006 میں ہندوستان کے خلاف ہی ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔بین الاقوامی کرکٹ میں کک کے نام کئی ریکارڈ ہیں۔وہ پہلے کھلاڑی ہیں، جنہوں نے انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔کک نے انگلینڈ کی اور سے 161 ٹیسٹ کھیلتے ہوئے 33 سنچری بنائی ہے ۔ کک نے 161 ٹیسٹ میچوں میں 45.35 کی اوسط سے 12472 رن بنائے ہیں۔ اس دوران انہوں نے 57 نصف سنچری بھی مکمل کی ہے ۔ کک نے ٹیسٹ کرکٹ میں 175 شاندار کیچ بھی لیے ہیں۔ کک نے 59 ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کی کپتانی کی ہے ۔کک ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے دنیا کے پانچویں بلے باز ہیں۔کک سے آگے ہندوستان کے سچن تندولکر (15921)، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ (13378)، جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس (13298) اور ہندوستان کے راہل ڈراوڈ (13288) ہیں۔کک نے ایسیکس کے ساتھ تین سال کا معاہدہ کیا ہے اور وہ اس سال ایسیکس کی ٹیم کی جانب سے کھیلتے رہیں گے ۔یواین آئی۔