یواین آئی
سیول؍؍جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق بدھ کو شمالی کوریا کی طرف سے داغا گیا ایک مشتبہ میزائل لانچ کے فوراً بعد پھٹ گیا۔ پیانگ یانگ کے آسمان سے گرنے والی باقیات کو دیکھ کر یہ قیاس کیا جا رہا ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا اپنے اب تک کے سب سے بڑے میزائل کا تجربہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔یونہاپ نیوز ایجنسی نے جنوبی کوریا کے جوائنٹ ا?رمی چیف کے حوالے سے بتایا کہ ناکام پراجیکٹائل کو شمالی کوریا کے دارالحکومت کے باہر سنان ہوائی اڈے سے صبح 9.30 بجے لانچ کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میزائل 20 کلومیٹر کی بلندی پر ہوا میں پھٹ گیا جس کے باقیات پیانگ یانگ کے علاقے پر گرے۔ کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔جنوبی کوریا کے فوجی حکام کا خیال ہے کہ لانچ میں وہی انٹرکانٹینینٹل لانچر میزائل(آئی سی بی ایم) شامل تھا جس کا شمالی کوریا نے 27 فروری اور 5 مارچ کو تجربہ کیا تھا۔جنوبی کوریا اور امریکہ کو اس بات کا پورا یقین ہے کہ دونوں بار آئی سی بی ایم واسونگ 17کا تجربہ کیا گیا ہے، جسے شمالی کوریا نے اکتوبر 2020 کی آرمی پریڈ میں پیش کیا تھا۔ ‘مونسٹر نام کا یہ میزائل مختلف وار ہیڈز کو 13000 کلومیٹر سے زیادہ کی رینج تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔