لاونیا کی تبدیلیٔ مذہب- خودکشی کےمعاملے میں تمل ناڈو کی اپیل خارج، جاری رہے گی سی بی آئی تفتیش

0
44

نئی دہلی، //سپریم کورٹ نے پیر کو مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کو 17 سالہ تمل ناڈو کی طالبہ لاونیا کی مبینہ تبدیلیٔ مذہب اور خودکشی کے معاملے میں تحقیقات جاری رکھنے کا حکم دیا۔
جسٹس سنجیو کھنہ اورجسٹس بیلا ایم ترویدی کی بینچ نے تمل ناڈو کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کی خصوصی اجازت کی عرضی کو خارج کرتے ہوئے سی بی آئی کو ہدایت دی کہ وہ مدراس ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق اپنی تحقیقات جاری رکھے۔ سماعت کے دوران، سپریم کورٹ نے عرضی گذار کے وکیل سے کہا کہ وہ(حکومت)اس معاملے کو ’ وقار کا مسئلہ نہ بنائیں‘ اور سی بی آئی کی تفتیش کو جاری رکھنے میں اپنا تعاون دیں۔ بینچ نے حکومت کو ہدایت دی کہ وہ تحقیقات سے متعلق تمام ضروری دستاویزات سی بی آئی کو مہیا کروائے۔
ریاستی حکومت نے ہائی کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کیا تھا جس میں معاملے کی تفتیش، سی بی آئی کو منتقل کیے جانے کو مناسب قرار دیا گیا تھا۔
بینچ نے اس بابت حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں حلف نامہ کے ذریعے اپنا جواب (اگر کوئی ہو) داخل کرنے کو کہا۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ اس دوران سی بی آئی تفتیش جاری رہے گی۔
تمل ناڈو کے تنجاوُر میں 12ویں جماعت کے ایک طالب علم نے 19 جنوری 2022 کو مبینہ طور پر تبدیلیٔ مذہب کے لیے دباؤ اوربعد میں ہراساں کیے جانے کی وجہ سے نشہ آور چیز کھا کر خودکشی کر لی۔ موت سے قبل اپنے بیان میں اس نے مبینہ طور پر اپنے مشنری اسکول پر ہراساں کرنے اور اسے عیسائیت قبول کرنے پر مجبور کرنے کا الزام لگایا تھا۔
متاثرہ کے والد نے سی بی آئی تفتیش کے ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف ریاستی حکومت کی طرف سے سپریم کورٹ میں اپیل کےاندیشے کےپیش نظر اس کے خلاف ’کیویٹ‘ عرضی دائر کی تھی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا