یواین آئی
لکھنؤ؍؍اترپردیش میں 11 سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج کافی اہم ہوں گے ۔ان تنائج کی بنیاد پر ہی یہ طے ہوگا کہ سال 2022 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے سامنے کون سی پارٹی اصل حریف کے طور پر سامنے ہوگی۔ ریاست کے رامپور، جلالپور، پرتاپ گڑھ، لکھنؤ کینٹ، گنگوہ، مانکپور، بلہا،اگلاس،زید پور،گوندپور اور گھوسی سیٹ پر ضمنی انتخاب ہونے ہیں۔ ان میں سے نو سیٹوں پر بی جے پی کا قبضہ تھا جبکہ جلالپور سیٹ بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) اور رامپور سیٹ پر سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے کھاتے میں تھی۔ بی ایس پی کے راکیش پانڈے امبیڈکر نگر سیٹ سے لوک سبھا انتخاب میں جیت کر پارلیمنٹ پہنچ گئے تو رامپور سیٹ سے اعظم خان بھی رکن پارلیمان منتخب ہوگئے ۔ گھوسی سیٹ بھاگو چوہان کو بہار کا گورنر بنائے جانے سے خالی ہوئی ہے ۔پیر کو ضمنی انتخابات کے لئے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ نامزدگی کی کاروائی شروع ہوگئی ہے ۔ حالانکہ کل کسی بھی پارٹی کی جانب سے کسی بھی امیدوار نے پرچہ نامزدگی داخل نہیں کیا۔نامزدگی کی کاروائی 30 ستمبر تک چلے گی اور یکم اکتوبر کو کاغذات کی جانچ ہوگی۔ بی جے پی نے کسی سیٹ پر ابھی امیدوار وں کے ناموں کا اعلان کیا ہے ۔ پارٹی کو ہمیر پور سیٹ کے نتیجے کا انتظار ہے ۔ ہمیر پور اسمبلی سیٹ پر گذشتہ کل ووٹ ڈالے گئے ہیں۔جس کا نتیجہ 27 اکتوبر کو آئے گا۔پارٹی کو اسی سیٹ کے نتیجے کا انتظار ہے ۔ہمیر پور سیٹ بی جے پی کے اشوک چنڈیل کو ایک قتل کے معاملے میں عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ بی جے پی نے سبھی سیٹوں پر امیدواروں کا پینل تیار کیا ہے ۔ پینل میں سبھی سیٹوں پر تین نام رکھے گئے ہیں۔ پارٹی کے سکریٹری(تنظیم) بنسل امیدواروں کی پوری فہرست لے کر کل شام دہلی کے لئے روانہ ہوگئے ۔ اعلی کمار کی مہر لگنے کے بعد امیدواروں کے ناموں کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔ وہیں دوسری جانب کانگریس نے بلہا کو چھوڑ کر سبھی سیٹوں پر اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے ۔ امیدواروں کے نام کانگریس جنرل سکریٹری و اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا کی رضا مندی کے بعد طے کئے گئے ہیں۔ حالانکہ ریاست میں کانگریس کی حالت کافی خستہ ہے ۔ اس کا تنظیمی ڈھانچہ بھی کافی کمزور ہے ۔ راج ببر کے ریاستی صدر کے عہدے سے استعفی دینے کے بعد ابھی تک کسی کو بھی یوپی کانگریس کی کمان نہیں دی گئی ہے ۔ پرینکا گاندھی واڈرا نے پارٹی کے سینئر لیڈروں سے بات کر کے امیدواروں کے ناموں کااعلان کیا ہے ۔