قلمکار ایڈوکیٹ جی ایم شان کی خدمات قابل ستائش:مقررین
لطیف ملک
گول// گول ڈاک بنگلہ میں آج ادبی و ثقافتی مجلس کا انعقاد ہوا جس میں گول کے شعراء حضرات و سماجی تنظیموں کے سربراہان نے حصہ لیا۔ اس موقعہ پر قلمکار وں نے ایڈوکیٹ جی ایم شان کی جانب سے تصنیف شدہ کتابوں کی بھی رسم رونمائی ہوئی۔ اس موقعہ پرکلچرل پروگرام کے ساتھ ساتھ شعراء نے بھی اپناکلام پیش کیا۔ جی ایم شان کی جانب سے عوامی خدمات و گول میں ادب کو پروان چڑھانے میں ان کی خدمت کو کافی سراہا گیا۔ صحافی جی ایم شان کی صدار ت میں منعقدہ میٹنگ میں ایس ایچ او گول سمیر احمد مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے اور وہیں مقامی تنظیم پیس اینڈ ویلفیئر کمیٹی کے سربراہ عبدالرشید بیگ نے بھی جی ایم شان کی خدمات کو کافی سراہا اور اس موقعہ پر جی ایم شان کی تصنیف شدہ کتاب لمحات و بادل سے بادل تک کی رسم رونمائی ہوئی اور یہاں پر مقررین و معزز شہریوں میں یہ کتابیں تقسیم کی گئیں۔ مقررین نے کہا کہ جس طرح سے اس ضعیف العمری میں بھی ایڈوکیٹ موصوف عوام کے لئے اور ادب کے تئیں خدمات انجام دے رہے ہیں یہ نا قابل فراموش اور قابل فخر بھی ہیں۔ جی ایم شان کی جانب سے کشمیر کش مکش ، لمحات تلخ وشیریں ، بادل سے بادل تک کی تصنیف شدہ کتابوں میں جہاں پوری ریاست کی تاریخ کو اجاگر کیا گیاہے وہیں نامور لیڈران و معزز شخصیات کے بارے میں بھی جی ایم شان نے قلم کو جنبش دی ، وہیں جی ایم شان نے اپنی زندگی کے ایام بھی بادل سے بادل تک کتاب میں اْتارے اور مفصل طور پر انہوں نے عوام کے ساتھ ایک ذخیرہ رکھا۔