جموں و کشمیر کے دیہی علاقوں میں اٹامک نارتھ جیسی سرکرد ہ آئی ٹی خدمات کمپنی کی توسیع دیہاتوں کی معیشت کو بحال کرنے کیلئے حکومت کے عزم کا ثبوت :سنہا
لازوال ڈیسک
بلاور (کٹھوعہ)؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج کٹھوعہ بلاور کے دورنگ وِلیج میں اٹامک نارتھ پرائیویٹ لمیٹڈ کے نئے آفس کمپلیکس کا اِفتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِس اہم موقعہ پر آئی ٹی سروسز کمپنی بلاور اور ملحقہ علاقوں کے نوجوانوں اور رہائشیوں کو مبارکباد پیش کی۔ اُنہوں نے خطے میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے اور تکنیکی اختراعیت کو فروغ دینے کے عزم پر جوہری اٹامک نارتھ کی سراہنا کی۔اُنہوںنے کہا،’’ اٹامک نارتھ ایک سرکردہ آئی ٹی خدمات کمپنی ہے جس کے دفاتر ہندوستان، کینیڈا، امریکہ، برطانیہ میں ہیں اور دیہی جموں و کشمیر میں اس کی توسیع دیہاتوں کی معیشت کو بحال کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا ثبوت ہے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے اٹامک نارتھ مینجمنٹ کو مشورہ دیا کہ وہ بلاور اور آس پاس کے علاقوں کے نوجوانوں کو ہنر مند بنائے اور اُنہیں بھرتیوں میں ترجیح دے تاکہ مقامی صلاحیتوں سے اِستفادہ کیا جاسکے اور یہ منصوبہ دیہی تبدیلی کو نئی تحریک دے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں اٹامک نارتھ 100 ایگزیکٹیوز کے ساتھ بی پی او آپریشن شروع کرے گاجس میںزائد اَز90 فیصد مقامی نوجوان شامل ہوں گے۔ اگلے مرحلے میں کمپنی ایک ڈیٹا سینٹر، ایک نیٹ ورک آپریشن سینٹر اور ایک سیکورٹی آپریشن سینٹر تعمیر کرے گی جو 1,500 نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے گی اور معاشی ترقی کو مزید آگے بڑھائے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی اور اِختراعی سہولیات سے آراستہ یہ جدید ترین سہولیت جموں کشمیر کے نوجوان ٹیلنٹ پول کی استعداد کار میں اِضافے کو نئی رفتار دینے کے لئے تیار ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ اَقدام مقامی کمیونٹیوں کو بااِختیار بنانے اور آئی ٹی سے چلنے والے خدماتی شعبے میں دیرپاترقی کو فروغ دینے کے لئے جموںوکشمیر اِنتظامیہ کے ویژن ے ہم آہنگ ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اٹامک نارتھ کا منصوبہ آج کی گلوبلائزڈ دنیا میں جسمانی فاصلے کو کم کرے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ دیگر آئی ٹی کمپنیوں کو جموں و کشمیر میں دیہی ٹیکنالوجی مراکز بنانے کے لئے دور دراز علاقوں میں اَپنا کاروبار قائم کرنے کی ترغیب دے گا۔اُنہوں نے جموں و کشمیریوٹی میں صنعتی سرمایہ کاری کے زمینی نفاذ کو آسان بنانے کے لئے جموںوکشمیر اِنتظامیہ کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر یوٹی میں آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلق خدماتی شعبے کی کمپنیوں کے نئے منصوبوں کے قیام کے لئے انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔منیجنگ ڈائریکٹر اٹامک نارتھ پرائیویٹ لمیٹڈ سنجیو سپولیا اور سی ای او ارون پرکاش نے دیہی علاقوں میں اِقتصادی ترقی کی حمایت اور خطے کی مجموعی ترقی میں تعاون کے لئے اٹامک نارتھ کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے حمایت اور تعاون کے لئے جموںوکشمیر یو ٹی اِنتظامیہ کا بھی شکریہ اَدا کیا۔
اِس موقعہ پر ڈی ڈی سی چیئرمین کٹھوعہ کرنل مہان سنگھ (ریٹائرڈ)، اے ڈی جی پی جموں آنند جین، کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت محکمہ وکرم جیت سنگھ،صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ راکیش منہاس اور سینئر افسران، معززشہری اور بڑی تعداد میں نوجوان موجود تھے۔