کہاآج حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے جموں و کشمیر کی صورتحال ناگفتہ بہ ہو چکی ہے
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جے کے پی سی سی کے ورکنگ صدر رمن بھلا نے اپنے ایک بیان میںکہا کہ کانگریس نے ملک کے سامنے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس اچھی طرح جانتی ہے کہ ملک کے لیے سب کچھ قربان کرنے کے اپنے کردار کو کیسے ادا کرنا ہے۔واضح رہے بھلا نے ان خیالات کا اظہار آر ایس پورہ جموں جنوبی حلقہ کے علاقے نئی بستی کے غم زدہ لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔بھلا نے کہاکہ آج، حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے جموں و کشمیر کی صورتحال ناگفتہ بہ ہو چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی، غربت، غذائی قلت، جرائم اور جمہوری اقدار، آئین اور آئینی اداروں کے سامنے چیلنجز کا مقابلہ صرف کانگریس ہی کر سکتی ہے۔وہیںکانگریس کارکنوں سے لوگوں کو درپیش درد کو سمجھنے کی ترغیب دیتے ہوئے بھلا نے کہاکہ کانگریس کی تاریخ ملک کے ہر طبقے کے درد کو کم کرنے کی رہی ہے، یہ ہمارا حال بھی ہے اور مستقبل بھی۔بھلا نے کہا کہ کانگریس مہنگائی، بے روزگاری، پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی بڑھتی قیمتوں پر بی جے پی حکومت سے لگاتار سوال کر رہی ہے اور ان مسائل پر احتجاج بھی کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ سرکاری نوکریاں اقربا پروری اور جانبداری کا شکار ہو رہی ہیں اور نوکریوں کے لیے منتخب امیدوار بھی پریشان نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے پناہ گزینوں اور غریب کسانوں کی حالت زار کا بھی حوالہ دیا جو موجودہ نظام کی وجہ سے اکھڑ رہے ہیں اور یقین دلایا کہ کانگریس غریبوں اور پسے ہوئے لوگوں کے لیے لڑے گی۔بھلا نے کہاکہ بی جے پی حکومت کے پاس کوئی وژن نہیں ہے۔ یہ نوجوانوں اور بے روزگاروں کو دھوکہ دے رہی ہے اور ناانصافی کر رہی ہے۔