سری نگر، // وادی کشمیر کا بیرون دنیا کے ساتھ ہوائی رابطہ ایک روز بعد پیر کو بحال ہوگیا۔
بتادیں کہ برف باری کے پیش نظر متعلقہ حکام نے اتوار کے روز سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تمام پروازوں کو منسوخ کیا تھا۔
متعلقہ حکام نے بتایا کہ رن وے سے برف ہٹایا گیا ہے اور موسم صاف ہونے کے ساتھ ہی ہوائی ٹریفک کو بحال کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صبح کے وقت پروازوں میں قدرے تاخیر ہوئی لیکن بعد ازاں ہوائی ٹریفک معمول کے مطابق رہا۔
دریں اثنا وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ڈلواس پر مرمتی کام کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ہے۔
جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ڈلواس پر مرمتی کام کے پیش نظر سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی دو طرفہ نقل و حمل روک دی گئی ہے۔
انہوں نے مسافروں سے ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔
ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل مسلسل بند ہے جبکہ بھدروا – چمبہ اور کشتواڑ – سنتھن – اننت ناگ سڑکیں بھی ہنوز بند ہیں۔