ممبئی، 14 اگست (یو این آئی) ہندوستان اور بیرون ملک کئی بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں دھوم مچانے کے بعد بے شمار ایوارڈز اپنے نام کرنے والے ہدایت کار سوربھ شکلا کی کنڑ فلم ‘1888’ اب ہندوستان میں ایپل ٹی وی پر دکھائی جارہی ہے۔
ناظرین فلم 1888 کو اب ایپل ٹی وی پر ’رینٹ‘ پر یا خرید کربھی دیکھ سکتے ہیں۔ یہ فلم ‘یوٹیوب’ اور ‘بک مائی شو’ پر بھی ‘رینٹل’ اور ‘پرچیز’ کی بنیاد پر دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ فلم ‘1888’ کوناظرین موویسینٹس ڈاٹ کام پر ’پے پر ویو‘ بیسس پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ ہدایت کار سوربھ شکلا نے سال 2023 میں یوکرین میں ‘اونیکو فلم ایوارڈز’ میں ‘بیسٹ ڈائریکٹر’ اورسنگا پور میں ‘ورلڈ فلم کارنیول‘ میں آؤٹ اسٹیندنگ اچیومنٹ ایوارڈ- بیسٹ ڈیبیو فلم میکر‘ کا ایوارڈ فلم 1888 کے لئے جیتا ہے۔ اس فلم کو ’انڈین فلم فیسٹیول سٹٹ گارٹ 2023‘ میں ’بیسٹ فیچر فلم‘ کے ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔ اس فلم کا ٹائٹل ایک کار کی لائسنس پلیٹ سے لیا گیا ہے، جو کہانی میں بہت ہی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ چھوٹے بجٹ میں بنائی گئی یہ فلم ایک تھرلر ہے، جو ہندوستان میں سال 2016 کی نوٹ بندی پر مبنی ہے۔