ٹیم نے نجی گاڑیوں پر سفر کر کے غیر قانونی کان کنی کے خلاف کریک ڈائون کیا
لازوال ڈیسک
کٹھوعہ؍؍ ڈسٹرکٹ منرل آفیسر (ڈی ایم او) راجندر سنگھ رانا کی قیادت میں محکمہ کان کنی کی ایک ٹیم نے آج یہاں کھڈوں میں غیر قانونی کان کنی میں مصروف 10 بھاری بھرکم گاڑیوں کو ضبط کیا۔مبینہ طور پر پکڑی گئی گاڑیاں مقامی کان کنوں کی ہیں جو کھڈوں سے معمولی معدنیات نکالتے ہیں اور ڈپٹی کمشنر کے مقرر کردہ نرخوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور محکمہ کان کنی کے موجودہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسے منڈیوں اور ریاست پنجاب میں مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں۔واضح رہے محکمہ کان کنی کی ٹیم نے صبح کے اوقات میں خفیہ اطلاع پر دریائے راوی، سحر کھڈ اور ترنہ نالہ پر چھاپہ مار کر گاڑیاں قبضے میں لے لیں۔ وہیںٹیم نے پرائیویٹ گاڑی میں سفر کیا اور کھڈس کی طرف جانے والے اہم راستوں کو بلاک کر دیا۔دریں اثناء ضبطی کے بعد، پانچ بھری ہوئی گاڑیوں کو راجباغ کے پولیس اسٹیشن اور باقی پانچ کو لکھن پور پولیس اسٹیشن کی تحویل میں رکھا گیا ہے۔اس موقع پرڈی ایم او نے بتایا کہ مون سون کی پابندی کے دوران بھی کھڈوں اور ندیوں کے آس پاس کے علاقوں کے مکینوں میں مسلسل کان کنی کے خلاف ناراضگی کے بعد دن رات باقاعدہ کارروائیاں شروع کی جا رہی ہیں۔