یواین آئی
سری نگر؍؍جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے قصبہ ترال میں جمعہ کو جنگجوؤں کی طرف سے کئے گئے گرینیڈ حملے میں ریاستی پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے 9 اہلکار زخمی ہوئے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں نے جمعہ کو دوپہرکے وقت کورٹ روڑ ترال کے نذدیک پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ پارٹی کو نشانہ بناکر گرینیڈ پھینکا۔ انہوں نے بتایا ’گرینیڈ کے پھٹنے سے ریاستی پولیس کے چار اور سی آر پی ایف کے پانچ اہلکار زخمی ہوئے‘۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا ’ سیکورٹی فورسز نے علاقہ کو محاصرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے‘۔