یواین آئی
سری نگر؍؍سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد نے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ سے اُن کی رہائش گاہ واقع گپکار پر ملاقات کی۔ این سی کے ایک ترجمان نے کہا میٹنگ کے دوران ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال خصوصاً وادی کے سیکورٹی اور امن و قانون کی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اس موقعے پر پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور سیاسی صلح کار تنویر صادق بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران حالیہ دنوں میں پیش آئی سیاسی صورتحال، پی ڈی پی بھاجپا حکومت کے گرنے اور گورنر راج کے نفاذ کے بارے میں بھی سیر حاصل بحث کی گئی۔ نیشنل کانفرنس قیادت نے وفد کو مسئلہ کشمیر پر پارٹی کے موقف دہرایا اور ساتھ ہی یہ مؤقف بھی سامنے رکھا ہے کہ موجودہ صورتحال میں نیشنل کانفرنس کی ترجیح ریاست میں امن و امان کی بحالی ہے اور انتخابات اس جماعت کی ترجیح میں شامل نہیں۔