لاہور/ پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کا شیڈول جاری کر دیا گیا جس میں 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کا شیڈول جاری کر دیا گیا، گرین شرٹس میزبان ٹیم کے خلاف 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کیلیے جنوری میں کیویز کے دیس جائے گی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے ہوم سیزن 2017-18 کا شیڈول کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز 6 جنوری سے 28 جنوری تک کھیلی جائیں گی۔پہلا ون ڈے 6 جنوری کو ویلنگٹن، دوسرا 9 جنوری کو نیلسن، تیسرا 13 جنوری کو ڈونیڈن، چوتھا 16 جنوری کو ہیملٹن جبکہ پانچواں ون ڈے میچ ویلنگٹن میں 19 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ 3 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کا آغاز 22 جنوری سے ویلنگٹن میں ہو گا، 25 جنوری کو آکلینڈ اور 28 جنوری کو تورنگا میں کھیلے جائیں گے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دسمبر میں دورہ کرنیوالی ویسٹ انڈیز ٹیم کے ساتھ ٹیسٹ میچز کی تعداد کم کر دی ہے، اب 3 کی بجائے 2 میچز کھیلے جائیں گے۔دوسری جانب کیوی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے قوانین کے مطابق ہر سال کم از کم 2 ہوم یا اوے ٹیسٹ سیریز کھیلیں گے کیونکہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کیلیے صرف 2 میچز ہی شمار کیے جائیں گے۔