-
’دوکلومیٹر کی مسافت طے کر کے پانی سر پر اٹھا کر لاتے ہیں‘
ظہیرعباس
منڈی//منڈی پھاگلہ روڈ پر پائے جانے والا گاو¿ں کہنو کلانی کی عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہی ہے جس کو لیکر عوام نے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں عوام نے پی ایچ ای حکام کے خلاف سخت نعرے بازی کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین ماہ سے کہنوں کی عوام تین کلو میٹر دور سے پانی لاکر گھر کا گزارا کر رہی ہے لیکن محکمہ کا کوئی بھی فرد عوام کی اس مشکل اور پریشانی کو دیکھتے ہوئے بھی کوئی قدم نہیں اٹھا رہا ہے ۔ اس موقع پر جاوید احمد خان نے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پندرہ سال پرانی پائیپ لائین جس پر چھ کروڑ کی لاگت آئی تھی اس سے اس گاو¿ں کی پوری آبادی کو پانی میسر تھا لیکن اسی لائین سے دھڑہ موربن وغیرہ میں محکمہ نے ملی بھگت کے ساتھ کنیکشن کر دئے جب کہ انہیں لفٹ اسکیم کے تحت پانی دیا جانا تھا جس سے یہاں کی عوام کا پانی بند ہو گیا اور عوام سخت مشکلات سے دوچار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کئی بار محکمہ کے اعلیٰ آفیسران سے ملے انہیں درخواستیں ریزولیشن بھی دئے گئے مگر کسی نے بھی یہاں کی عوام کی مشکلات کی طرف خیال نہیں کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری مستورات دو سے چار کلومیٹر پیدل سفر کرکے پانی کو سر پر اٹھا کر گھریلوں استعمال میں لاتی ہیں لیکن محکمہ کو اس بات کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر اندر اس عوام کےساتھ انصاف نہ کیا گیا اور پانی کا بندوبست نہ کیا گیا تو عوام کو پریشان ہوکر سڑکوں پر اترنا پڑے گا اور اس وقت اگر کوئی نقصان یا مشکل پیش آئی تو اس کی ذمہ دار انتظامیہ اور محکمہ پی ایچ ای کے آفیسران ہونگے۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ محکمہ پی ایچ ای ہدایات جاری کی جائیںتاکہ کہنو کلانی کی عوام کو جلد از جلد پانی فراہم کیا جائے ۔ اس موقع پر محمد جاوید خان حاجی مقصود احمد نور حسین محمد لطیف خان محمد رفیق خان شامل تھے ۔