مرکزی وزیر زراعت کے ساتھ ملاقات کی
لازوال ڈیسک
- نئی دلی؍؍زراعت کے ریاستی وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے آج نئی دلی میں زراعت کے مرکزی وزیر رادھا موہن سنگھ کے ساتھ ملاقات کی اور جموں وکشمیرمیں زرعی سیکٹر کو ترقی کی راہ پر گامزن کرانے سے جڑے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر کے ہمراہ زراعت کے کمشنر سیکرٹری ، سیکرٹری کے علاوہ متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی تھے ۔میٹنگ کے دوران ہانجورہ نے ریاست کے چار اضلاع میں رواں مالی سال کے دوران پرم پراگتھ کرشی وِکاس یوجنا کے تحت تمام کسانوں کے کھیتوں میں ورمی کمپوزٹ یونٹ لگانے کا مطالبہ کیا۔ اُنہوں نے کشتواڑ میں ایک زعفران پارک قائم کرنے اور قومی زعفران مشن کو مزید پانچ برسو ں کے لئے بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا۔ ہانجورہ نے ریاست کے ہر ایک سب ڈویژن میں بڑی ٹیسٹنگ لیبارٹریاں قائم کرنے کا معاملہ بھی اُجاگر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں مالی سال کے دوران ریاست میں 87 مربوط فارم منیجمنٹ نظام قائم کئے جانے چاہیئے۔ اُنہوں نے کہاکہ ریاست میں مزید دو نئی بائیو پیسٹ سائیڈ لیبارٹریاں قائم کی جانی چاہئیں اور ریاست کو10 ریفرجریٹیڈ گاڑیاں دی جانی چاہئیے تاکہ کسانوں کو فائدہ مل سکیں۔ہانجورہ نے پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کے عمل میں سینٹرل انشورنس کمپنیوں کو شامل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ اس موقعہ پر مرکزی وزیر نے ریاستی زراعت محکمہ منصوبوں کی سراہنا کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مرکزی سرکار ریاست کو زرعی سیکٹر کو آگے لے جانے کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی تاکہ سال 2022تک کسانوں کی آمدن کو دوگنا کرنے کے نشانے کو حاصل کیا جاسکے ۔میٹنگ کے دوران دونوں وزراء نے اس عزم کو دہرایا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں باہمی اشتراک کے ساتھ کام کر کے زرعی سیکٹر کومعیار کی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے ہر ممکن کوششیں کریں گی۔