ؒٓلازوال ڈیسک
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر مشیر کے ۔ کے ۔ شرما نے آج کہا کہ حکومت نے جموں وکشمیر کے نوجوانوں کے لئے ہنرمندی کو ترقی دینے کے لئے ایک جامع منصوبہ مرتب کیا ہے تاکہ وہ مختلف سرگرمیوں میں مؤثر طریقے پر حصہ لے سکیںاور اُن میں خود اعتمادی کے علاوہ اُن کے لئے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع وجود میں لائے جاسکیں۔اِن باتوںکا اظہار مشیر موصوف نے ایک جائزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ ، پلوامہ اور بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری میں نئے پالی تکنیک ادارے قائم کرنے سے متعلق امور پر غور کرنے کے لئے طلب کی گئی تھی۔اِن پالی تکنیک اداروں کی تعمیر کے لئے مرکزی معاونت والی سکیم ’’ سبمشن آف پالی ٹیکنیک اَنڈر کاڈی نٹیڈ ایکش فار سکل ڈیولپمنٹ ‘‘ کے تحت منظور ی دی گئی ہے۔ میٹنگ میں فائنانشل کمشنر خزانہ ڈاکٹر ارون مہتا، سیکرٹری تکنیکی تعلیم زبیر احمد ،ڈائریکٹر تکنیکی تعلیم آر ایس شرما، دونوں یونیورسٹیوں کے رجسٹرار و دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔مشیرموصوف نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اِن عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لئے مختص رقومات متعلقہ ایجنسی کے پاس دستیاب رکھیں تاکہ اِن کاموں کی پیش رفت میں سرعت لائی جاسکے۔نوجوانوں کو ہنرمندی کے میدان میں باقاعدہ طور پر استحکام بخشنے کے لئے اُٹھائے جارہے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ نوجوانوں کو تکنیکی طور پر تربیت فراہم کرنے اور اُنہیں خود روزگار حاصل کرنے کے لئے مختلف ہنروں میں تربیت فراہم کی جارہی ہے۔