پی ڈی پی یوتھ نے کیا ممبر اسمبلی پونچھ کا شکریہ ادا
حیدر بانڈے
منڈی//منڈی میں ریاستی حکومت کی طرف سے ڈگری کالج کا اعلان ہوتے ہی منڈی تحصیل میں خوشی کی لہر دیکھنے کو ملی – یہاں کی عوام نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں سے وہ منڈی میں کالج کا خواب دیکھ رہے تھے جس خواب کی تعبیر آج پوری ہوئی – منڈی کی مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں نے کالج کے اعلان پر ریاستی حکومت اور ریاستی وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ مبارک باد کی مستحق ہیں جنہوں نے ریاست کے اس دور دراز علاقہ کی عوام کی مانگ کو پورا کیا – اس موقع پر منڈی میں ہر شخص نے خوشی کا اظہار کیا دریں اثنا پی ڈی پی یوتھ اور بلاک صدر منڈی بلال مخدومی نے اس موقع پر منڈی میں ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کر کے ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے منڈی تحصیل کو کالج دلانے میں جو جد وجہد کی وہ قابل تعریف ہے – انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے منڈی کے طلباءکو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے پونچھ ڈگری کالج کا رخ کرنا پڑتا تھا جو یہاں کے دور دراز اور غریب طلباءکے لیے کافی مشکلات کا سبب بنتا تھا – انہوں نے کہا کہ وہ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ریاستی وزیر تعلیم الطاف بخاری کا تحصیل منڈی کی عوام کی جانب سے دل کی عمیق گہرایوں سے مشکور ہیں جنہوں نے ان کی اس مانگ کو پورا کیا – پریس کانفرنس سے پونچھ کی رضاکار تنظیم احساس فاﺅنڈیشن کے چیرمین پرویز ملک (آفریدی) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تک پونچھ حلقہ انتخاب سے جتنے بھی ممبر اسمبلی بنے وہ منڈی تحصیل سے ہی بنے مگر انہوں نے کبھی بھی منڈی کو ڈگری کالج دینے کی حکومت کو سفارشات نہیں کی لیکن ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے کی شخصیت مبارک باد کی مستحق ہے جنہوں نے ریاستی حکومت سے منڈی کے لیے ڈگری کالج کا اعلان کروایا انہوں نے کہا کہ پونچھ کی عوام خصوصی طور پر منڈی کی عوام مبارک باد کی مستحق ہیں جنہیں محبوبہ مفتی کی حکومت نے کالج سے نوازا اس موقع پر انہوں نے ریاستی سرکار اور ڈاکٹراصغر سامون کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی تغو دو سے منڈی تحصیل کو کالج ملا – واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے بدھ کو ایک حکمنامہ زیرِ نمبر 282H2018 /18/4 /2018 جاری ہوا جس کے مطابق منڈی تحصیل کو ڈگری کالج سے نوازا گیا ہے –