یواین آئی
ممبئی ملک کی تجارتی راجدھانی ممبئی اورآس پاس کے علاقوں میں ہونے والی طوفانی بارش نے شہر کی مصروف ترین زندگی کو مفلوج کردیا ہے اور شہر کے متعدد علاقوں میں واقع نشینی مقامات پر پانی جمع ہونے سے سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ،جنوبی ممبئی میں ایک درخت گرنے اور مین ہول میں گرنے کے واقعات میں تین افراد ہلاک ہوگئے ، جبکہ جنوب وسطی ممبئی میں صبح سویرے چار بجے ایک رہائشی عمارت کے احاطے کی دیوار گرنے اور زمین دھنسنے کے سبب پندرہ کاریں ملبے میں دب گئیں اور تقریباً ایک ہزارمکینوں کو بحفاظت عمارت سے نکالا گیا ہے ۔ پولیس اور بی ایم سی کے ذرائع نے اسے ایک بڑا حادثہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ لائیڈ نامی اس فلک بوس عمارت کا احاطہ اور پارکنگ کی جگہ دھنس گئی ہے اور اگر زیادہ حصہ اس کا شکار ہوتا تو عمارت کو سخت خطرہ پیدا ہوجاتا ہے ۔مکینوں نے پڑوس میں جاری تعمیراتی کام کو اس کیلئے ذمہ دار قراردیا ،حالانکہ گزشتہ سال بھی اسی طرح کا ایک معمولی واقعہ پیش آچکا ہے اور اس بارے میں میونسپل کارپوریشن کے محکمہ تعمیرات میں شکایت درج کرانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔اس تعمیراتی کام کے سبب احاطے کی دیوار کمزور ہوگئی اور متصل سڑک بھی دھنس چکی ہے ۔ ایک خاتون مکین نے کہا کہ مذکورہ تعمیراتی کام کے بارے میں انتظامیہ کو مطلع کردیا گیا تھا،لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی اور آج صبح سویرے تیز موسلادھار بارش کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیاجس میں متعدد کاریں ملبے میں دب گئی ہیں ۔ ممبئی میں اتوار کی صبح سے وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور چند گھنٹوں کی بارش کی وجہ سے شہر کا جوحال ہوا ہے ،اس کے لیے میونسپل کارپوریشن کے تمام دعو¶ں کی قلعی کھل گئی ہے ،کانگریس کے ممبئی صدر سنجے نروپم نے کہا کہ یہ ایک بڑا حادثہ ہے ،لیکن جانی نقصان نہیں ہونے سے شہریوں کی راحت کی سانس لی ہے اور یہ بی ایم سی انتظامیہ کی سراسرناکامی کہی جاسکتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جنوب وسطی ممبئی کی اس فلک بوس عمارت کے پڑوس میں دوستی کمپلکس واقع ہے اور اس کی ایک عمارت کی تعمیرکے لیے کافی گہری کھدائی کی گئی ،اس جگہ گزشتہ سال زمین دھنسنے کا واقعہ پیش آیا تھا اور اسکی شکایت بی ایم سی انتظامیہ سے کی گئی تطی ،لیکن اس کا کوئی نتیجے برآمد نہیں ہوا۔لائیڈ نامی عمارت کے مکینوں کو آج صبح 4بجے حادثے کے بعد محفوظ طریقے سے باہر نکال لیا گیا تھا۔ ممبئی کی زندگی (لائف لائن) کہی جانے والی لوکل ٹرینیں برُری طرح سے متاثر ہوئی ہیں اور تینوں روڈ ویسٹرن ،سینٹرل ریلوے اور ہاربر لائن پر تاخیر سے دوڑرہی ہیں۔باندرہ میں ٹیکنیکی نقص کی وجہ سے لوکل ٹرینیں کچھ دیر کے لیے بند رہیں ،لیکن پھر ان کی خدمات بحال کردی گئیں ،ویسے تاخیر کاسلسلہ جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی ) نے کہا ہے کہ شہر میں اتوار سے 231.4ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی اور وقفہ وقفہ سے آئندہ دوتین اس کا سلسلہ جاری رہیگا اوریہ تیز اور موسلادھار بارش کا رُخ بھی اختیار کیا جاسکتا ہے ۔موسم باراں کے دوران ممبئی میں گزشتہ روزسے بارش کا سلسلہ موسم کی سب سے زیادہ ہونے والی بارش ہے ۔ ممبئی اور تھانے میں اس درمیان تین افراد اپنی جانیں گنواچکے ہیں ،جبکہ نشیبی علاقوں کے ساتھ ساتھ سب وے اور جھگی بستیوں میں کئی مقامات پر پانی جمع ہونے کے بعد لوگوں کو دوسرے مقامات منتقل کیا گیا ہے ۔ شمالی مغربی مضافاتی علاقے اندھیر ی ،کھاراور ملاڈ میں کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا ہے ،شہرمیں وڈالا ،کنگ سرکل ،سائن ،پریل ہندماتا ،ممبئی سینٹرل ،نل بازار اور قومی شاہراہ پانی میں ڈوب گئی تھیں ،لیکن بارش کا زور کم ہونے سے کافی راحت ہوئی ہے ۔مشرقی شاہراہ پر ایک کنٹینر ایک پل سے نیچے گرجانے کے سبب ٹریفک جام ہے اور شاہراہ پر موٹرگاڑیاں کافی دھیمی رفتار سے چل رہی ہیں۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن ،ایم ایم آرڈی اے ،محکمہ انسداد حادثات اور قدرتی آفات کے ساتھ ساتھ ممبئی پولیس نے بھی طوفانی بارش سے نمٹنے کے لیے کمر کس لی اور شہریوں کی جان مال کی حفاظت کے لیے جگہ جگہ پولیس اہلکاروں اور غوطہ خوروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔گزشتہ روز شہریوں نے ساحلی مقامات اور تفریح مقامات پر بارش کا خوب مزہ لیا ،لیکن آج ایسا نہیں ہوا ہے کیونکہ کالم کاج کا پہلا دن تھا اور دفاتر میں حاضری کم رہی ۔ شہر میں گریجویٹ اور اساتذہ حلقے کے لیے انتخابات کے لیے اتفاق سے اسکولوں میں تعطیل کے سبب بچے گھر پر ہی رہے اور بارش سے گھروں میں محفوظ رہے ہیں۔دوپہر بعد شہر میں بارش کا زور کم ہوا ہے ،لیکن محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ممبئی کے مضافاتی علاقوں، کوکن ،پالگھر ،ویرار،تھانے اور گجرات کی سرحد کے علاقوں میں تیز طوفانی بارش کا سلسلہ جاری رہیگا ۔