معروف شیعہ عالم دین آغا سید محمد فضل اللہ کا انتقال

0
0

مختلف سیا سی، سماجی اور مذ ہبی جماعتوں کی جانب سے تعزیت کا اظہار
یواین آئی

سری نگر؍؍وادی کشمیر کے معروف شیعہ عالم دین اور معزز علمی اور تبلیغی خانوادہ کے چشم وچراغ حجتہ الاسلام والمسلمین آغا سید محمد فضل اللہ الموسوی الصفوی پیر کی صبح وسطی کشمیر کے قصبہ بڈگام میں اپنے گھر میں انتقال کرگئے۔ وہ انجمن شرعی شیعیان (جموں وکشمیر) کے صدر تھے۔ انہیں جموں وکشمیر میں اتحاد بین المسلمین کا داعی سمجھا جاتا تھا۔وہ اپنے بیشتر خطابات میں مسلمانوں کے تمام فرقوں کے درمیان اتحاد پر زور دیتے تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق آغا سید محمد فضل اللہ گذشتہ کئی برسوں سے علیل تھے اور پیر کی صبح قریب ساڑھے گیارہ بجے اللہ کو پیارے ہوگئے۔ انہوں نے بتایا ’انہیں ضلع کورٹ کے نذدیک واقع خاندانی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا‘۔ بڈگام سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق آغا سید محمد فضل اللہ کے نماز جنازہ میں ہزاروں لوگوں شامل ہوئے جو وادی کے اطراف واکناف سے آئے ہوئے تھے جبکہ قصبہ بڈگام میں پیر کو تمام دکانیں بند رہیں۔ نماز جنازہ کی پیشوائی علامہ آغا سید باقر النجفی نے انجام دی ۔ آغا سید محمد فضل اللہ وادی کے معروف عالم دین و اسلامی اسکالر مرحوم آغا سید یوسف الموسوی الصفوی کے فرزند تھے۔ ان کے بھائی آغا سید محمود نیشنل کانفرنس سے وابستہ ممبر قانون ساز کونسل ہیں جبکہ ان کے فرزند آغا سید ہادی کا شمار وادی کے معروف نوجوان اسلامی اسکالروں میں ہوتا ہے۔ دریں اثنا وادی کی متعدد سیاسی و مذہبی شخصیات نے آغا سید محمد فضل اللہ کے انتقال پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ’میں آغا صاحب کی انتقال پر اپنے ساتھیوں آغا محمود صاحب اور آغا روح اللہ صاحب کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں۔ اللہ آغا صاحب کو جنت نصیب کرے‘۔ دریں اثنا آغا سید محمد فضل اللہ الموسوی الصفوی کی رحلت جانگزین پر گہرے رنج و غم اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر نے تنظیم کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سیدحسن الموسوی الصفوی ، مرحوم کے پسماندگان اور خانوادہ موسوی سے تعزیت کی۔ مرحوم کی دینی تبلیغی اور علمی خدمات کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کی وفات کو تشیعیان کشمیر کے لئے ایک جگرسوز صدمہ قرار دیا گیا۔ انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے کہا کہ موصوف کی رحلت سے شیعیان کشمیر کے دینی حلقوں میں زبردست خلا ء پیدا ہوا جو پُر نہیں ہوسکتا۔ دینی معاملات میں مرحوم کی بے باکی، قوت فیصلہ اور اپنے موقف پر ثابت قدمی مرحوم کے سیرت و کردار کا وہ منفرد پہلو ہے جس کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انجمن شرعی شیعیان نے مرحوم کے بلند درجات اور لواحقین کے صبرجمیل کی دعا کی۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا