لیفٹیننٹ گورنر نے اننت ناگ میں ضلع ترقیاتی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی

0
0

ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت ، مرکزی معاونت والی اور یوٹی حکومت کی سکیموں کی عمل آوری اور فلاحی سکیموں کی تکمیل کا جائز ہ لیا
لازوال ڈیسک

اننت ناگ؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے اننت ناگ میں ضلع ترقیاتی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی اور ضلع میں ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت،مرکزی معاونت والی اور یوٹی سیکٹر سکیموں کی عمل آوری اور ضلع میں فلاحی سکیموں کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں چیئرمین ڈی دی سی اننت ناگ چوہدری محمد یوسف گورسی،اے ڈی جی پی کشمیر وِجے کمار،پرنسپل سیکرٹری پبلک ورکس ( آر اینڈ بی ) محکمہ شیلندر کمار ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے بدھوری اور سینئر افسروں نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے عوامی خدمات کی کارکردگی اور شفافیت کو یقینی بنانے میں قابل ذکر کام کے لئے ضلعی انتظامیہ کی سراہنا کی۔اُنہوں نے دیگر اَضلاع کو ہدایت دی کہ وہ اننت ناگ ضلع اِنتظامیہ کی منفرد پہل’’ میں بھی کسان‘‘کو اپنائیں تاکہ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام کے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کئے جاسکیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ یہ اَقدام زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کی ترقی دینے میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کا باعث بنے گا ۔اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کو سرمائی موسم کے لئے اچھی طرح سے تیار رہنے کی ہدایت دی اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ بجلی اور سڑک کے بنیادی ڈھانچے کو اچھی طرح سے برقرار رکھا جائے اور ہر وقت ٹریفک کے لئے موزوں ہو۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی جانب سے اشیائے ضروریہ کے اقدامات اورحساس علاقوں کے لئے کنٹن جنسی پلان میں اضافہ کو مؤثر طریقے سے عملایا جانا چاہیے۔اُنہوں نے ضلعی اَفسروںکو ہدایت دی کہ وہ کسان دوست، صحت اور تعلیمی شعبے کی سکیموں کے تحت فوائد کی تقسیم پر خصوصی توجہ دیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے غذائیت کے کلیدی پیرامیٹروں میں بہتری حاصل کرنے کے لئے ’پوشن ابھیان‘ کو جن۔اندولن بنانے پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ ’پوشن ابھیان ‘کی کامیابی لوگوں کی شراکت پر مبنی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ معاشرے کو اجتماعی طور پر بیداری پیدا کرنے کے لئے کام کرنا چاہیے اور ماں اور بچے کی فلاح و بہبود، نشوونما اور تحفظ کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سیاحت، نوجوانوں کو بااِختیار بنانے، بنیادی ڈھانچے ، کھیلوں، روزگار پیدا کرنے، صنعتوں، کوآپریٹیو، پی ایم اے وائی، جل جیون مشن، ٹرانزٹ رہائش کی صورتحال اور آرکیٹیکچر اور ورثہ کی بحالی اور تحفظ سمیت مختلف شعبوں اور سکیموں میں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ سید فخرالدین حامدنے میٹنگ کو ضلع اِنتظامیہ کے مجموعی کام کاج اور مرکزی معاونت والی اور یوٹی حکومت کی سکیموں اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے تحت ہونے والی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی ۔بعد میں لیفٹیننٹ گورنر نے پی آر آئی کے نمائندوں، تاجروں،فروٹ گروئورس، سول سوسائٹی کے ممبران اور مختلف فلاحی سکیموں سے مستفید ہونے والوں کے مختلف وفود سے تبادلہ خیال کیا اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر ان کے مسائل اور مطالبات کے مناسب ازالے کی یقین دہانی کی۔وفود کے ارکان نے اننت ناگ ضلع کے لوگوں کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر کی زیرقیادت یو ٹی اِنتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا