انجینئر رشید کو اب رہا کیا جانا چاہئے: آغا روح اللہ
یواین آئی
سری نگر؍؍سری نگر پارلیمانی نشست پر نیشنل کانفرنس کے امیدوار آغا روح اللہ نے منگل کے روز کہاکہ انجینئر رشید کی ممکنہ کامیابی کے بعد انہیں جیل سے اب رہا کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ سری نگر کے لوگوں نے میرے حق میں ووٹ دے کر بہت بڑی ذمہ داری سونپی ہے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔یو این آئی نامہ نگار نے بتایا کہ سری نگر میں نیشنل کانفرنس کے امیدوار آغا روح اللہ بڈگامی جنہوں نے سبھی امیدواروں کوپیچھے چھوڑ دیا اور لگ بھگ ایک لاکھ ووٹوں سے آگے چل رہے ہیں نے کہاکہ لوگوں کا شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے بڑھ چڑھ کر اپنی رائے دہی کا استعمال کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سری نگر کے لوگوں نے مجھے بہت بڑی ذمہ داری سونپی ہے اور میری کوشش رہے گی کہ پارلیمنٹ میں لوگوں کی بات کرو۔بارہ مولہ پارلیمانی نشست پر عمر عبداللہ کی ہار پر آغا روح للہ نے کہاکہ ہمیں لوگوں کی رائے کا احترام کرنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ اب جبکہ انجینئر رشید کی جیت لگ بھگ یقینی ہے تو میرا مطالبہ ہے کہ انہیں اب رہا کیا جانا چاہئے۔