روڈ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے خلیل پوسوال نے سیکورٹی فورسز کو بریف کیا
بابر فاروق
کشتواڑ؍؍یومِ جمہوریہ کے افتتاح اور رام مندر کی افتتاحی تقریب کے پیشِ نظر سیکورٹی انتظامات کو مزید بہتر اور چوکس بنانے کے مقصد سے سینئر سپریٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ خلیل پوسوال نے کشتواڑ میں ضلع پولیس، آرمڈ پولیس، سی آر پی ایف اور سی آئی ایس ایف کے پولیس اہلکاروں کے لیے ایک بریفنگ کا انعقاد کیا۔ بریفنگ میں رام مندر کے افتتاح سے منسلک جشن کے دوران مناسب سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پوری چوکسی اور لگن کے ساتھ فرائض انجام دینے پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ سینئر سپریٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ خلیل پوسوال نے حفاظتی دستوں کو تیاری اور تال میل کو بڑھانے کے لیے اسٹریٹجک اقدامات کا خاکہ پیش کیا۔ بریفنگ میں کے دوران یومِ جمہوریہ اور رام مندر کی افتتاحی تقریب کے دوران ہموار اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے سینئر سپریٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ خلیل پوسوال نے سیکورٹی فورسز کو اہم ہدایات جاری کی۔ ضلع پولیس کشتواڑ نے آرمڈ فورسز، سی آر پی ایف اور سی آئی ایس ایف کے تعاون سے قصبہ کشتواڑ میں ایک روڈ مارچ کا اہتمام کیا۔ سینئر سپریٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ خلیل پوسوال نے مارچ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، جس میں سی او سی آر پی ایف 52 بٹالین پرما شیون، ایڈیشنل ایس پی کشتواڑ راجندر سنگھ، ڈپٹی سی او آئی آر 22 بٹالین، ڈی واء ایس پی ہیڈکوارٹر کشتواڑ ڈاکٹر ایشان گپتا، ڈی واء ایس پی پی سی وشال شرما، ڈی واء ایس پی ڈی اے آر سجاد خان کے علاوہ پولیس، سی آر پی ایف و سی آئی ایس ایف کے دیگر آفیسران موجود تھے۔ منعقدہ سیکورٹی فورسز کا مارچ قصبہ کشتواڑ کے اہم علاقوں اور چوراہوں جن میں ہڈیال چوک، کچلو محلہ، جامعہ مارکیٹ، گْڈھالی چوک، بس اسٹینڈ کشتواڑ، شہیدی چْوک، ڈاک بنگلو وغیرہ شامل ہیں، سے ہوتا ہوا چوگان گراؤنڈ کشتواڑ میں اختتام پذیر ہوا۔