جاں بحق ہوئے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزت و ہمدردی کیا
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍ اپنی پارٹی کے قائد سید محمد الطاف بخری نے شمالی کشمیر کے بونیار اوڑی میں رونما ہوئے سڑک حادثے، جس میں کم از کم آٹھ افراد جاں بحق ہوئے ہیں، پر اپنے گہرے دْکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ حادثہ آج اس وقت رونما ہوا، جب ایک گاڑی جس میں متعدد مسافر سوار تھے، بونیار میں بجی تھالہ تتمولہ کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر ایک گہری کھائی میں جاگری۔ حادثے میں سات افراد زخمی ہوئے ہیں۔سید محمد الطاف بخاری نے اپنے بیان میں اس سانحہ پر اپنے گہرے دْکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’اوڑی میں ایک المناک سڑک حادثے میں آٹھ افراد کے جاں بحق ہوجانے پر بے حد تکلیف ہوئی۔ جاں بحق ہوئے افراد کے کْنبوں کے ساتھ میری دلی ہمدردی ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دْعا گو ہوں کہ اْنہیں اپنے عزیزوں کو کھودینے کا یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔ غم کی اس گھڑی میں اپنی پارٹی ان کنبوں کے ساتھ یکجہتی میں کھڑی ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’اللہ تبارک تعالیٰ سے دست بہ دْعا ہوں کہ حادثے میں جاں بحق ہوئے افراد کو جنت الفردوس میں جگہ دے۔‘‘ اپنی پارٹی کے سربراہ نے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ حادثے میں اپنی جانیں گنوا بیٹھے افراد کے قریبی ورثا کو معاوضہ فراہم کرے اور زخمیوں کو ہر ممکن علاج و معالجہ یقینی بنائے۔