سجاد شاہین نے بانہال، گول میں رمضان کے دوران بجلی کی مسلسل بندش پر تشویش کا اظہار کیا

0
0

اکھڑال کے دور دراز دیہاتوں کا کیا دورہ ،مقامی عوام کے مسائل کئے سماعت
ملک شاکر
بانہال // نیشنل کانفرنس کے رہنما اور ضلع صدر رامبن سجاد شاہین نے رمضان کے مقدس مہینے میں بانہال اور اس کے اطرافی علاقوں بشمول گول میں بجلی کی خراب صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں بجلی کی پریشانیاں بدستور جاری ہیں کیونکہ لوگوں کو خاص طور پر سحری اور افطار کے اوقات میں بجلی کی غیر مقررہ کٹوتیوں کی وجہ سے شدید پریشانی کا سامنا ہے۔شاہین نے تحصیل اکھڑہل کے پوگل، پنچال، نووڑہ سمیت کئی دور دراز دیہاتوں کے اپنے دن بھر کے دورے کے دوران کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز سے ہی بانہال اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بجلی کی غیر معمولی کٹوتی ہو رہی ہے جس کی وجہ سے انتظامیہ کے خلاف شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔
سجاد شاہین نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں چوبیس گھنٹے سپلائی فراہم کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہر روز جب افطار کا وقت قریب ہوتا ہے تو اچانک بجلی کی سپلائی بند ہو جاتی ہے۔ ہر گھر انورٹرز جیسے پاور بیک اپ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ لوگوں کو کمرے کو روشن کرنے کے لیے مصنوعی روشنی یا موم بتیاں استعمال کرنی پڑتی ہیں۔ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ حکومت رمضان المبارک میں بھی عوام کو بلا تعطل بجلی فراہم نہیں کر سکی۔
شاہین نے کہا کہ ضلع رامبن میں لوگوں کو بجلی کی شدید قلت کا سامنا ہے اور انہیں پینے کے صاف پانی تک رسائی نہیں ہے۔ ضلعی صدر نے ناکارہ یوٹیلیٹی سروسز اور سڑکوں کی خستہ حالی پر بھی تشویش کا اظہار کیا، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں، ان کا کہنا تھا کہ اس سے عام لوگوں کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔شاہین نے عوامی مشکلات پر اعلیٰ حکام سے فوری توجہ دینے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کی انتظامیہ پر بھی زور دیا ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران ضروری اشیاء خاص طور پر راشن، چینی اور مٹی کے تیل، ایل پی جی سلنڈر کے علاوہ بلا تعطل بجلی اور پینے کے پانی کی مناسب فراہمی کو یقینی بنائے۔بعد ازاں شاہین، پارٹی عہدیداروں کے ساتھ پارٹی کے ساتھی اور بلاک نائب صدر، اکھڑہال شمس الدین درابو کے گھر گئے اور ان سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی جن کا حال ہی میں مختصر علالت کے بعد انتقال ہو گیا تھا۔ انہوں نے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی.

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا