آئی آئی ایس یونیورسٹی ملک میں خواتین کی تعلیم کے میدان میں ایک باوقار تعلیمی ادارہ جو بیٹیوں کی اچھی تعلیم اور ثقافت کے لیے وقف
یواین آئی
جے پور؍؍لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج آئی آئی ایس یونیورسٹی کے 10ویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاس آؤٹ ہونے والی تمام طالبات کو مبارکباد دی ۔اس موقع پر مسٹر برلا نے آئی آئی ایس یونیورسٹی کے بانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک میں خواتین کی تعلیم کے میدان میں ایک باوقار تعلیمی ادارہ قائم کیا ہے جو بیٹیوں کی اچھی تعلیم اور ثقافت کے لیے وقف ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اس ادارے سے پاس آؤٹ ہونے والی طالبات نے قوم کی تعمیر کے کئی شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جس سے نہ صرف اس ادارے کا نام روشن ہوا ہے بلکہ وسیع تر سماجی مفادات کی بھی خدمت کی گئی ہے۔ہندوستان کی شاندار تاریخ اور روایات کو قابل فخر بتاتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ مہاتما جیوتیبا پھولے اور ساوتری بائی پھولے نے خواتین کی تعلیم، خود انحصاری اور بااختیار بنانے کے لیے اہم کردار ادا کیا تھا، جس سے آج تک ملک استفادہ کر رہا ہے۔ . سابق صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ ڈاکٹر کلام کی سوانح عمری، ان کی لگن، محنت اور کام تمام نوجوانوں کے لیے قابل تقلید ہیں۔ انہوں نے آئی آئی ایس یونیورسٹی کی کوششوں کو اس سمت میں ایک بامعنی قدم قرار دیا۔ہندوستان کی جمہوریت کے 75 سالہ سفر کے تناظر میں مسٹر برلا نے کہا کہ اس عرصے میں ملک نے کئی ریکارڈز حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا آئین تمام شہریوں کو مساوات، تعلیم، ووٹنگ، شخصی اور مذہبی آزادی سمیت بہت سے حقوق دیتا ہے۔ مسٹر برلا نے زور دیا کہ تنوع جمہوریت کی طاقت ہے۔ ہندوستان کے آئینی سفر کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ دنیا کے بہت سے ترقی پسند ممالک میں خواتین کو ووٹ کا حق بہت بعد میں ملا، لیکن ہندوستان کے آئین نے خواتین کو یہ حق روز اول سے ہی دیا۔ مسٹر برلا نے اس کامیابی کا سہرا آئین بنانے والوں کی دور اندیشی اور حساسیت کو دیا۔سماج میں رسومات کی ناگزیریت کا ذکر کرتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر نے یاد دلایا کہ ہندوستان میں قدیم زمانے سے دیوی پوجا کا رواج رہا ہے۔ اس خیال کا اظہار کرتے ہوئے کہ خواتین خاندان، سماج اور پورے ملک کو ایک ساتھ رکھنے میں بہت بڑا کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 75 سال کے اس سفر میں ہندوستان کی بیٹیاں اور خواتین ملک کی سب سے بڑی طاقت بن کر ابھری ہیں۔ نئے ہندوستان میں خواتین کی بلند پرواز کے لیے جدوجہد آزادی میں خواتین کے تعاون کی ستائش کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ آج کے بدلتے ہوئے منظر نامے میں ہندوستان کی خواتین ہر میدان میں قیادت دے رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا کوئی شعبہ نہیں ہے، جہاں خواتین قیادت نہ کر رہی ہوں۔ اس بات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ آج خواتین سیاسی میدان میں عروج پر پہنچ چکی ہیں اور صدر جمہوریہ ، وزیر خزانہ سمیت کئی اعلیٰ عہدوں پر فائز خواتین قیادت دے رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کی خواتین ٹیکنالوجی، انتظامیہ، عسکری تحفظ، کاروبار، اختراعات، تحقیق وغیرہ ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ پارلیمانی ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ( پرائڈ) کے زیر اہتمام سینٹرل سروسز کے ٹرینی افسران کے لیے تربیتی پروگراموں کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ آج کے دور میں ان خدمات میں خواتین افسران کی بڑی تعداد کا ہونا ایک بہت اچھی علامت ہے، جس پر پوری قوم کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے اور ملک کو اس پر فخر ہے۔خواتین کی تعلیم کو با انہیں اختیار بنانے کا سب سے مضبوط طریقہ بتاتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ ملک میں ہر شعبے میں خواتین کی موجودگی قوم کی تعمیر کا ایک اہم ستون ہے۔ مسٹر برلا نے طالبات سے کہا کہ بدلتے ہندوستان میں لامحدود امکانات اور لامحدود مواقع ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امرت کال میں ملک کی بیٹیوں کی تعلیم، اقدار اور خیالات کو ملک کی ترقی کے لیے استعمال کیا جائے گا، جس کی طاقت سے ہندوستان دنیا کی قیادت کرے گا۔