آیو ش کے تحت طبی نگہداشت میں بہتری لانا ترجیحات میں شامل ۔اتل ڈولو
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍طبی نگہداشت لوگوں کی بہبودی کے لئے ایک اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم اتل ڈولونے کہا کہ حکومت لوگوں کو اُن کی دہلیز پر طبی نگہداشت فراہم کرنے کی متمنی ہے۔اتل ڈولو نے اِن باتوں کا اِظہار ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو گورنمنٹ آیورویدک میڈیکل کالج اکھنور اور گورنمنٹ یونانی کالج نواب باغ گاندربل میں او پی ڈی خدمات کی فراہمی کے امکانات کو تلاش کرنے کے لئے منعقد کی گئی تھی۔اُنہوں نے کہا کہ او پی ڈی خدمات مریضوں کی اشد ضرورت کو مد نظر رکھ کر شروع کی گئی ہیں۔متعلقہ افسران نے فائنانشل کمشنر سے کہا کہ لگ بھگ 1246مریضوں کو18؍ نومبر سے 3؍ دسمبر تک گورنمنٹ آیورویدیک کالج اور گورنمنٹ یونانی کالج میں کنسلٹیشن کی سہولیات کے علاوہ مفت ادویات فراہم کی گئی ہیں۔اُنہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ دونوں ہسپتالوں میں پنچ کرما اور ریج منٹل تھراپی کے شعبوں کو چالو کریں۔محکمہ کی طرف سے شروع کئے گئے چند نئے اقدامات کا ذکرکرتے ہوئے اتل ڈولو نے کہا کہ آیوش علاج و معالجہ کے فوائد کے بارے میں لوگوں میں بیداری پید اکرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں ۔بعد میں اتل ڈولو نے کہا کہ دونوں کالجوں میں مقامی اقسام کے ہربل گارڈن قائم کئے جائیں جہاں ادویات کے خام مال پیدا کئے جاسکیں۔