حدمتارکہ پر گولہ باری کا سلسلہ جاری

0
0

ایک عام شہری زخمی اور عوامی املاک کو شدید نقصان
ناظم علی خان/یواین آئی

مینڈھرشمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اوڑی میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کے دوران ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں کمل کوٹ کا ایک رہائشی زخمی ہوگیا اور دو رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا۔ صوبہ جموں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع پونچھ کے بالاکوٹ مینڈھر میں طرفین کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ رات بھر جاری رہنے سے متعدد رہائشی مکانات اور دیگر املاک کو نقصان پہنچا ۔ اس دوران دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے جمعہ کے روز ضلع راجوری اور پونچھ کے نوشہرہ، مینڈھر، بالاکوٹ اور کرشنا گھاٹی سیکٹروں میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔ تاہم اس میں فوری طور پر کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ایل او سی پر مسلسل گولہ باری سے سرحدی علاقوں میں شدید خوف وہراس پایا جارہا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اوڑی کے کمل کوٹ سیکٹر میں گذشتہ رات دیر گئے قریب ساڑھے گیارہ بجے طرفین کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ وقفہ وقفہ سے ہفتہ کی صبح تک جاری رہنے والے گولہ باری کے تبادلے میں ایک عام شہری زخمی ہوا جبکہ دو رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا۔ زخمی شہری کی شناخت 30 سالہ ریاض احمد ولد مرحوم نذیر احمد ساکنہ گاگی ماڈیا کمل کوٹ کے طور پر ہوئی ہے۔ اسے علاج ومعالجہ کے لئے مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اوڑی میں ایل او سی پر گولہ باری کے نہ تھمنے والے سلسلے کے پیش نظر مختلف حساس علاقوں سے درجنوں کنبے محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔ دریں اثنا مینڈھر کے بالاکوٹ سیکٹر پر رات بھر جاری رہنے والی گولہ باری سے متعدد رہائشی مکانات اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق گولہ باری کے باعث علاقہ میں بیشتر لوگ رات بھر جاگتے رہے۔ انہوں نے بتایا کہ بعض کنبے محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔ اس دوران دفاعی ترجمان نے جاری پریس بیان میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے جمعہ کے روز پونچھ اور راجوری اضلاع میں نوشہرہ، مینڈھر، بالاکوٹ اور کرشنا گھاٹی سیکٹروں میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کی طرف سے مارٹر گولے داغے گئے اور ہلکے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی فوج نے سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا۔ واضح رہے کہ پونچھ اور راجوری اضلاع میں ایل او سی پر جمعرات کو ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک جبکہ دیگر متعدد افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں ایک آف ڈیوٹی فوجی اہلکار بھی شامل تھا۔ صوبہ جموں میں ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد سے پانچ کلومیٹر کے اندر اندر آنے والے تمام سرکاری وپرائیویٹ تعلیمی اداروں کو بند رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف جماعتوں کے امتحانات کو ملتوی کیا گیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پونچھ اور راجوری میں ایل او سی پر گولہ باری سے متاثر ہونے والے سرحدی علاقوں میں لوگوں کا محفوظ مقامات کی جانب منتقلی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔نقل مکانی کرنے والے افراد کا کہناہے کہ گولہ باری کا سلسلہ گذشتہ کئی روز سے جاری ہے اور اس کے نتیجے میں متعدد رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان سرحد پر گذشتہ کئی دنوں سے گھمسان کا رن جاری ہے۔ دفاعی اعداد وشمار کے مطابق پاکستان کی جانب سے گذشتہ برس جنگ بندی معاہدے کی 2935 خلاف ورزیاں کی گئیں۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا