جموں وکشمیر میں اس وقت ڈیجیٹل ہفتہ کے تئیں انتظامی سطح پر کئی اقدامات کئے گئے تاکہ جموں وکشمیر کی عوام کو جموں وکشمیر انتظامیہ کی ڈیجیٹل خدمات کے متعلق جانکاری فراہم کی جاسکے ۔ اس ضمن میں پنچائت سطح پر بھی عوام کیلئے بیداری مہمات کا اہتمام کیا ۔وہیں اسکولوں کالجوں میں بھی طلباء کو ڈیجیٹل خدمات کی جانکاری فراہم کی گئی ۔حکومت نے ڈیجیٹل رسائی، ڈیجیٹل شمولیت، ڈیجیٹل بااختیار بنانے اور ڈیجیٹل فرق کو ختم کرکے بھارت کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار معاشرے اور علم پر مبنی معیشت میں تبدیل کرنے کے وژن کے ساتھ ڈیجیٹل انڈیا پروگرام شروع کیا۔اس سلسلے میں انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن کاوشیں کی گئی تاکہ ڈیجیٹل خدمات کا فائدہ زمینی سطح پر پہنچ سکے اور عوام کو دفاتر کے چکر نہ کاٹنے پڑیں۔ڈیجیٹل خدمات کے سلسلے میں ہر شہری کے لئے کلیدی افادیت کے طور پر ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچہ ، مانگ پر حکمرانی اور خدمات اور شہریوں کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانا شامل ہے۔اس ضمن میں بنیادی مدعا ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز ہر شہری کی زندگی کو بہتر بنائیں۔اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ڈیجیٹل انڈیا نے حکومت اور شہریوں کے درمیان فاصلے کو کافی حد تک کم کر دیا ہے۔اب عام عوام کو دفاتر کے چکر کاٹنے کے بجائے کافی حد آن لائین سہولیات میسر ہیں ،وہ اپنے دستاویزات کیلئے آن لائن اندراج کرتے ہیں اور آن لائین حاصل کرتے ہیں۔عام عوا م کو جموں و کشمیر میں ڈیجیٹل خدمات کے متعلق آگاہ کرنے کیلئے انتظامی سطح پر آگاہی کیمپوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور عوام کو اس سلسلے میں بیدار کیا جا رہا ہے کہ وہ آن لائن خدمات سے فائدہ حاصل کریں۔انفارمیشن ٹکنالوجی سے چلنے والی یہ خدمات موجود ہ دور میں کافی اہمیت کی حامل ہیں اور زمینی سطح پر اس کا اثر بھی دیکھنے کو مل رہا ہے کیونکہ عوام ان خدمات کا فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے حالیہ ڈیجیٹل ہفتہ بھی کافی کار آمد ثابت ہوا ہے جہاں زمینی سطح پر محکمہ مال اور دیگر شعبہ جات نے عوام کو آگاہ کرنے کیلئے اپنی خدمات انجام دی ہیں۔جہاں یہ آن لائن خدمات عوام اور انتظامیہ کے مابین فرق کو ختم کر رہی ہیں،وہیں یہ ماحول دوست بھی ہیں کیونکہ کاغذات کا بھی کم استعمال ہوتا ہے اور عوام اپنے گھر بیٹھے ان خدمات کے ذریعے اپنا وقت بچاتے ہوئے اپنے کام انجام دیتے ہیں۔