جموں وکشمیر میں الیکشن کے لئے تیاریاں زوروں پر ہیں:پی کے پولے

0
72

کہاپہلی بار ووٹ ڈالنے والے رائے دہندگان میں کافی جوش و جذبہ دیکھا جا رہا ہے
لازوال ڈیسک

سری نگر؍؍جموں وکشمیر کے چیف الیکٹورل افسر (سی ای او) پی کے پولے کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے پولنگ شیڈول جاری کرنے کے بعد سے جموں وکشمیر میں الیکشن کے لئے تیاریاں زوروں پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار ووٹ ڈالنے والے رائے دہندگان میں کافی جوش و جذبہ دیکھا جا رہا ہے۔
موصوف سی ای او نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘الیکشن کے لئے پچھلے پانچ مہینوں سے تیاریاں جا ری ہیں اور جب سے الیکشن کمیشن نے شیڈول نوٹیفائی کیا ہے تب سے تیاریوں سے زور پکڑا ہے’۔ان کا کہنا ہے: ‘بارہمولہ لوک سبھا سیٹ کے لئے 2 مئی تک 19 امید واروں نے کاغذات نامزدگی جمع کئے تھے جبکہ سری نگر کے لئے 24 اور اننت ناگ – راجوری لوک سبھا سیٹ کے لئے 20 امید واروں نے کاغذات نامزدگی جمع کئے ہیں’۔
مسٹر پولے نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نہ صرف امید واروں بلکہ لوگوں میں بھی الیکشن کے تئیں کافی جوش و جذبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جن رائے دہندگان کی عمر 85 سال سے زیادہ ہے اور جو 45 فیصد جسمانی طور معذور ہیں ان کے لئے گھر سے ووٹ ڈالنے کا بند وبست کیا گیا ہے بشرطیکہ انہوں نے ایپلائی کیا ہو۔ان کا کہنا تھا: ‘پہلی بار ووٹ ڈالنے والوں میں بھی کافی جوش و جذبہ ہے، میں ان کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کو پولنگ مراکز پر اچھا تجربہ حاصل ہوگا’۔موصوف سی ای او نے کہا کہ تمام پولنگ مراکز پر تمام تر بنیادی سہولیات کو دستیاب رکھا گیا ہے اور ہر پولنگ مرکز پر مردوں اور خواتین کے لئے الگ الگ ہلپر رکھے گئے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کپوارہ میں ہمیشہ ووٹنگ شرح اچھی رہتی ہے اور اس بار بھی ایسی ہی امید ہے۔انہوں نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے پولنگ مراکز پر پہنچ کر اپنے اپنے پسندیدہ امید واروں کے حق میں ووٹ ڈالیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا