جموں وکشمیرمیں امن واستحکام کومزیدتقویت بخشی جائے:سید محمد الطاف بخاری

0
0

نئی دہلی میں وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقی،مذہبی رہنمائوں کی رہائی اورفوری اسمبلی انتخابات کااعلان کرنے کی مانگ
لازوال ڈیسک

سرینگر؍؍اپنی پارٹی کے قائد سید محمد الطاف بخاری آج نئی دلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقی ہوئے۔ دونوں لیڈران کے درمیان اس میٹنگ میں جموں و کشمیر کے اقتصادی، انتظامی اور سیاسی مسائل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔پارٹی کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق اس ملاقات میں جموں کشمیر کے موجود امن و استحکام کو مزید تقویت پہنچانے اور تعمیر و ترقی کو فروغ دینے پر بات چیت ہوئی۔ جبکہ میٹنگ کے دوران سید محمد الطاف بخاری نے مرکزی وزیر داخلہ کو جموں و کشمیر میں امن اور ہم آہنگی کی موجودہ اطمینان بخش صورتحال سے آگاہ کیا۔ بیان کے مطابق سید محمد الطاف بخاری نے وزیر داخلہ کو بتایا، ’’ جموں و کشمیر کے لوگوں نے پرامن ماحول کے قیام اور اسے برقرار رکھنے میں ایک کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ لوگ امن و استحکام کے اس ماحول کو مزید مضبوط کرنے اور اسے آگے بڑھانے کیلئے اپنا کردار جاری رکھنے کے خواہاں ہیں کیونکہ وہ بہتر حالات اور پْر امن ماحول کے فوائد سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔‘‘ تاہم، سید محمد الطاف بخاری نے مرکزی وزیر داخلہ سے گزارش کی کہ نئی دلی امن و استحکام کیلئے جموں کشمیر کے عوامی جذبات کو مزید تقویت پہنچانے کیلئے اعتماد سازی کے بعض مطلوبہ اقدامات کرے۔ اس ضمن میں انہوں نے عید کے موقعے پر سرکردہ مذہبی رہنماوں کو رہا کرنے اور جموں کشمیر میں اسمبلی الیکشن جلد کرانے کا اعلان کرنے کی تجاویز دیں۔ انہوں نے وزیر داخلہ سے کہا، ’’میرواعظ عمر فاروق، مولانا عبدالرشید داؤدی اور مولانا مشتاق احمد ویری جیسے معروف اور سرکردہ مذہبی رہنمائوں کی رہائی سے امن و استحکام کے موجودہ ماحول کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔ مزید یہ کہ مذکورہ علما عوام میں اپنی غیر معمولی مقبولیت کی بدولت سماجی برائیوں بالخصوص یہاں جاری منشیات کی وبا سے لوگوں کو بچانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اسی طرح اسمبلی انتخابات کا اعلان کرکے عوام میں سیاسی با اختیاری کا جذبہ اْبھارا جاسکتا ہے۔ فوری انتخابات کا انعقاد جموں کشمیر میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط کرنے کیلئے بھی نا گزیر ہیں۔‘‘ امرناتھ یاترا کا خیر مقدم کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے سربراہ نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ جموں کشمیر کے لوگ صدیوں سے امرناتھ یاتریوں کی مہمان نواز کرتے آئے ہیں۔ امرناتھ یاترا نے ہمیشہ جموں کشمیر میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے، ثقافتی رشتوں کو مضبوط کرنے، اور لوگوں کو معاشی فوائد پہنچانے میں ایک کلیدی کردار ادا کیا ہے۔سید محمد الطاف بخاری نے وزیر داخلہ سے اپیل کی کہ عوام کو یاترا کا تہہ دل سے خیرمقدم کرنے اور یاتریوں کا کھلے دل و دماغ سے استقبال کرنے کا بھر پور موقعہ فراہم کیا جانا چاہیے۔ تاکہ ایک مثبت ماحول کو پروان چڑھانے میں مدد مل سکے اور مذہبی ہم ا?ہنگی اور ثقافتی رشتوں کو تقویت پہنچائی جاسکے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا