نئی دہلی،// راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملک ارجن کھڑگے نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں کہا کہ پارٹی سیاست سے بالاتر ہو کر اچھے کاموں کی تعریف کی جانی چاہئے اور بلوں کو جلد بازی میں پاس نہیں کیا جانا چاہئے۔
مسٹر کھڑگے نے ایوان کے ریٹائرڈ اراکین کے الوداعی پروگرام میں کہا کہ ملک میں اچھے کاموں کی تعریف کی جانی چاہئے، چاہے وہ کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ منموہن حکومت کے دور میں بہت اچھے کام ہوئے ہیں۔اس کا اعتراف کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ منموہن سنگھ حکومت کے باقی ماندہ کاموں کو مکمل کرنے کی کوشش کی جانی چاہئے ۔
کانگریس کے صدر نے کہا کہ راجیہ سبھا نہ صرف ایوان بالا ہے بلکہ یہ خیالات کا بھی بالا بھی ہے۔ اس ایوان کے تمام اراکین نے قابل قدر تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراکین کو نکالنے کے بعد ایوان میں بل پاس کروائے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے بلوں پر بحث نہیں ہو پاتی اور حکومت جلد بازی میں بل پاس کر لیتی ہے۔ یہ اچھی شروعات نہیں ہے۔نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ چند دنوں کے بعد نظر ثانی ضروری ہو جاتی ہے۔
مسٹر کھڑگے نے کہا کہ ریٹائرڈ اراکین کے لیے سہولیات میں اضافہ کیا جانا چاہئے ۔ عام طور پر تمام اراکین امیر نہیں ہوتے اور پیسے کمانے میں وقت نہیں لگاتے۔ وہ اپنا سارا وقت سماجی خدمت کے لیے وقف کرتے ہیں۔ انہیں اکثر تنہا رہنا پڑتا ہے۔ حکومت اور ایوان کو ریٹائر ہونے والے اراکین پر بھی توجہ دینی چاہیے۔
راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے سبکدوش ہونے والے اراکین کو خصوصی صلاحیتوں اور قابلیت کے حامل افراد کے طور پر بیان کیا اور ان کے خوشگوار مستقبل کی خواہش کا اظہار کیا ۔