بے سمت معاصر اردو ادب

0
352

۰۰۰
ڈاکٹر سیدّ احمد قادری
09934839110
۰۰۰

                 معاصراردو  ادب کی صورت حال کا جائزہ لینے سے قبل یہ جان لینا ضروری ہے کہ دراصل ادب ہے کیا؟  یوں تو ادب کے سلسلے میں بہت ساری تعریفیں اور تشریحات سامنے آچکی ہیں، میرے خیال میں اس کا مختصر جواب یہ  ہوگا کہ ادب ماضی، حال اور مستقبل کا وہ آئینہ ہے، جس میں ہماری زندگی کے مختلف جہات کے واضح عکس منعکس ہوتے ہیں ۔ اب اس ایک جملے کو جس قدر چاہیں پھیلا لیں ، لیکن گھوم پھر کر محور یہی رہے گا۔ اس کے بعد یہ سوال فطری طور پر اٹھ سکتا ہے کہ ادب کی ضرورت کیا ہے؟ اس کے جواب میں بھی مختصرطور پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ ادب جو کام کرتا ہے، وہ کوئی دوسرا نہیں کر سکتا ۔ ہم نے سمندر کی گہرائی سے لے کر آسمان کی وسعتوں تک کو اپنا تابع بنا لیا ہے ، لیکن وقت کو اپنی گرفت میں نہیں لے سکے ، اور یہ ادب ہی ہے جو وقت اور زمانے کو اپنے دامن میں قید رکھنے کی بھرپور قوت رکھتا ہے۔ ادب ماضی حال اور مستقبل کے حیات و کائنات کو تمام تر جزئیات اور کیفیات  کے ساتھ زندہ رکھنے کا متحمل  ہے۔ جس کی ضرورت کل بھی تھی ، آج بھی ہے اور کل بھی ہوگی۔                  معاصراردو  ادب کی صورت حال کا جائزہ لینے سے قبل یہ جان لینا ضروری ہے کہ دراصل ادب ہے کیا؟  یوں تو ادب کے سلسلے میں بہت ساری تعریفیں اور تشریحات سامنے آچکی ہیں، میرے خیال میں اس کا مختصر جواب یہ  ہوگا کہ ادب ماضی، حال اور مستقبل کا وہ آئینہ ہے، جس میں ہماری زندگی کے مختلف جہات کے واضح عکس منعکس ہوتے ہیں ۔ اب اس ایک جملے کو جس قدر چاہیں پھیلا لیں ، لیکن گھوم پھر کر محور یہی رہے گا۔ اس کے بعد یہ سوال فطری طور پر اٹھ سکتا ہے کہ ادب کی ضرورت کیا ہے؟ اس کے جواب میں بھی مختصرطور پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ ادب جو کام کرتا ہے، وہ کوئی دوسرا نہیں کر سکتا ۔ ہم نے سمندر کی گہرائی سے لے کر آسمان کی وسعتوں تک کو اپنا تابع بنا لیا ہے ، لیکن وقت کو اپنی گرفت میں نہیں لے سکے ، اور یہ ادب ہی ہے جو وقت اور زمانے کو اپنے دامن میں قید رکھنے کی بھرپور قوت رکھتا ہے۔ ادب ماضی حال اور مستقبل کے حیات و کائنات کو تمام تر جزئیات اور کیفیات  کے ساتھ زندہ رکھنے کا متحمل  ہے۔ جس کی ضرورت کل بھی تھی ، آج بھی ہے اور کل بھی ہوگی۔          اب ہم معاصر اردو ادب کا حال جاننے سے قبل ایک نگاہ معیاری ادب پربھی ڈالتے چلیں تو دیکھیں گے کہ معیاری ادب ہمیشہ معاشرتی بحران اور مسائل کے بطن سے وجود میں آیا ہے۔ شعر و ادب وہی شاہکار اور کلاسک بنے ہیں ، جن میں اپنے عہد اور زمانے کے سیاسی، سماجی، اقتصادی، معاشرتی، تہذیبی، اخلاقی، تاریخی اور ثقافتی  مسائل، بحران اور انتشار کو موضوع بنایا گیا ہے۔  پہلی اور دوسری عالمی جنگ اور تقسیم ہند کے اثرات  اور حالات کے اظہار نے اردو کے معیاری ادب میں قابل قدر اضافہ کیا ہے۔ اسپین کے مشہور ادیب مینڈوز نے ایک جگہ لکھا ہے کہ سماجی تبدیلیوں کے حوالے سے ملک ایک بحران میں مبتلا ہے اور یہ وقت ایک مصنف کے لئے بہترین تخلیقی لمحہ ہے۔      اب جہاں تک معاصر اردو ادب کا تعلق ہے ، تو اس ضمن میں کئی جانب سے مایوسیوں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مایوسیوں کا یہ سلسلہ گزشتہ بیس پچیس برسوں سے جاری ہے۔ دو دہائی قبل معروف نقاد پروفیسر عبد المغنی نے میرے ایک سوال (انٹرویو)  ’کیا اردو ادب میں واقعی جمود طاری ہے؟ ‘ کے جواب میں کہا تھا  ’’ میرا خیال ہے کہ جمود سے زیادہ انتشار ہے۔ آج اردو کی جتنی کتابیں شائع ہو رہی ہیں اور رسالے نکل رہے ہیں، پہلے کبھی نہ اتنی کتابیں شائع ہوتی تھیں اور نہ رسالے نکلتے تھے۔ لیکن اوّل تو کتابوں کا معیار گرتا جا رہا ہے، دوسرے رسالوں کی صحافت بہت غیر معیاری ہو گئی ہے۔ آج کے مصنفین اور مدیران نہ تو عالم ہیں اور نہ ادیب۔ سبھی ذاتی مفاد ، گروہ بندی اور اشتہار بازی کے لئے کتابیں شائع کرتے ہیں اور رسالے بھی ۔ اس صورت حال کو انتشار کے سوا کیا کہا جا سکتا ہے اور اگر دوسرا لفظ استعمال کیا جائے تو زوال ہے ‘‘ ( مکالمہ۔ سید احمد قادری، صفحہ: ۱۶۔۱۷)       ماہنامہ ’کتاب نما‘ (نئی دہلی) کے فروری ۲۰۰۹ء کے شمارہ کے اداریہ  میںبھی اسی زوال کی بات کرتے ہوئے محمدمحفوظ عالم نے لکھا تھا ۔۔۔                             ’’ تحقیق اور تنقید دونوں سطح پر زوال کے آثار نمایاں ہیں‘‘    کچھ اسی طرح کی شکایت ماہنامہ ’آجکل‘ کے (سابق)مدیر ڈاکٹر ابراررحمانی بھی اپنے کئی اداریوں میں کر چکے ہیں ۔      حقیقت یہ ہے کہ معاصر ادب کو بے وقعت اور بے سمت بنانے میں ہمارے ناقدین ادب زیادہ ذمّہ دار ہیں۔ بقول کلام حیدری ، ہمارے آج کے ناقدین ادب نے ادب کو صولی پر چڑھانے کا زیادہ کام کیا ہے۔ شمس الرحمٰن فاروقی جو  بذات خود ایک بڑے نقاد ہیں ، اس امر کا اعتراف کرتے ہیں کہ ’ ہند و پاک دونوں طرف کے تنقیدنگار اپنے پسندیدہ ادیبوں کے گروہ رکھتے ہیں اور ان سے باہر نکلنا وہ پسند نہیں کرتے ‘‘ ۔ اس رائے کے بعد خود  شمس الرحمٰن فاروقی  سوالات کے گھیرے میں آ جاتے ہیں کہ آپ نے اس گروہ کو توڑنے کی کس حد تک کوشش کی؟ شمس الرحمٰن فاروقی  کو ایسے ’صاحب تصنیف‘ سے چڑھ بھی ہے جو ’’  دس پانچ افسانوں یا منظومات پر مشتمل مجموعہ چھپوا کر صاحب تصنیف بن بیٹھے ہیں اور پھر ہر کس و ناکس سے توقع اور تقاضا کرتے ہیں کہ ان پر توصیفی مضمون لکھے ‘‘ ان جملوں کے بعد اگر  شمس الرحمٰن فاروقی  کی تحریروں پر ایک اچٹتی نگاہ بھی ڈالی جائے تو اندازہ ہوگا کہ انھوں نے اپنے دور امامت(جدیدیت) میں کیسے کیسے اپنے مبتدیوں کو بانس پر چڑھانے کی کوشش کی ہے ۔ جس کا نتیجہ یہ ہوا جدیدیت کے نام پر معمّہ جیسے اردو افسانے ادب سے تقریباََ  خارج کر دئے گئے اور اب ہمارے شمس الرحمٰن فاروقی  صاحب فرماتے ہیں کہ ایسے افسانوں کے ساتھ ساتھ ان افسانہ نگاروں کو بھی دفن کر دو۔       معاصر ادب کے حسن و معیار کو مجروح کرنے میں  نام نہادتخلیق کاروں سے زیادہ ہمارے ناقدین ادب نے اہم رول ادا کیا ہے ، اس سے وہ انکار نہیں کر سکتے ہیں ۔ یاد کیجئے وہ زمانہ جب ایک دولت مند شاعر نے کچھ نقادوں کو ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں شراب اور کباب سے بد مست کر دیا تب ڈکار لیتے ہوئے ان نقادوں نے اس شاعر کو ٹیگور سے بڑا فنکار قرار دیا تھا ، لیکن جب اس شاعر کی دولت پر گہن لگ گیا تو وہ شاعربیچارہ ان نقادوں کی نگاہ میں بے وقعت  ہو کر رہ گیا ۔ یہ تھا  ہمارے نقادوں کا ادب کے تئیں رویۂ۔  آج اس سے بھی زیادہ بری حالت ہے، آج کے ایسے نقاد،  سیمینار ہا ل  اور اردو رسائل وغیرہ میںجس طرح  تعریف و توصیف میں مبتلا ہیں ، اس سے بہرحال معاصر ادب پر نہ صرف منفی اثر ت مرتب ہو رہے ہیں بلکہ اردو ادب کا مستقبل تاریکوں میں ڈوب رہاہے ۔ نقادوں کے ایسے ہی رویۂ سے متنفر ہو کر معروف شاعر اور صحافی حسن کمال کہتے  نظر آتے ہیں کہ۔۔۔۔۔۔۔۔’ ’ گروہ بندی  ،جوڑ توڑ من ترا حاجی بگوئم اور اسی قسم کے دوسرے سیاسی رجحانات آج ادب میں پوری طرح جلوہ گر نظر آتے ہیں ‘‘                                                                         ( آئینہ۔ صفحہ: ۱۰۰)              حسن کمال سے قبل  معروف افسانہ نگار اور صحافی کلام  حیدری نے ’کتاب نما ‘( دسمبر ۱۹۸۸ء ) کے شمارہ میں مہمان مدیر کی حیثیت سے ’ روئیے زار زار اور کیجیئے ہائے ہائے‘ کے زیر عنوان لکھا تھا ۔۔۔۔۔         ’’ تخلیق کی تمازت خالق کو راس آ سکتی ہے، مگر نقاد تو ’ایئرکنڈیشنڈ‘ میں ہی فربہ ہو سکتا ہے ۔ چنانچہ ہماری تنقید بھی موٹی ہونے لگی اور ’موٹی عقل‘ کی Monopoly   ہو گئی ۔ تیز رفتاری کے ساتھ یونیورسیٹیاں کھلیں ، اردو کے شعبے کھلے۔ لکچرر، لکچرر رہنے پر قناعت کر ہی نہیں سکتا ، چنانچہ وہ ڈی لٹ ہو گیا اور پی ایچ ڈی گر ہو گیا ۔ ہندوستان صنعتی ہونے کی جانب مائل ہوا تو اعلا تعلیمی ڈگریاں بھی صنعت و حرفت قرار پائیں ۔ اس فرق کے ساتھ کہ صنعت غائب ، صرف حرفت رہ گئی ۔۔۔۔۔‘‘      اردو ادب میں انحطاط، زبوں حالی  یازوال ، جو کہہ لیجیے ، یہیں سے شروع ہوئی ہے، جس کی جانب کلام حیدری نے بڑے معنی خیز انداز میں اشارہ کیا ہے، جو بڑھتے بڑھتے اس سطح تک پہنچ گئی کہ بقول اشفاق انجم  ’’ شعری  مجموعوں کا سیلاب سا امڈ آیاہے۔ دو چار برس کی شعری عمر رکھنے والا بھی اپنی بغل میں ایک مجموعہ ٔ کلام دبائے پھر رہا ہے ۔۔۔۔اکثر مجموعے عیوب و نقائص کا پلندہ نظر آتے ہیں ۔۔۔۔۔      کل ہند مشاعروں میں پھول اور روپئے لٹانے کا منظر بھی اہل اردو کے لئے مرقع عبرت ہوتا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے ہم کسی کوٹھے یا قوّالی کی مجلس میں آ پھنسے ہیں ۔ ۔۔۔۔کچھ نامور ناقدین نے پیش لفظ لکھنا اپنا پیشہ بنا لیا ہے اور ہزاروں کما رہے ہیں ۔۔۔۔۔‘‘( اردو بک ریویو، اکتوبر۔دسمبر ۲۰۱۴ء، صفحہ: ۸ )    افسوس کا مقام یہ ہے کہ ہمارے معاصر ادب کے روح رواں اس بات کو قطئی فراموش کر گئے کہ ہمیشہ سے سماجی،    سیاسی ، معاشرتی، تہذیبی اور ثقافتی تعمیر و تشکیل میں ادب اور ادیب کی اہمیت اور افادیت تسلیم کی گئی ہے۔ لیکن ہمارے آج کے ادیب و شاعر نے اپنی انا ، خود داری ، ضمیر اور وقار و عظمت کو مادّی ضرورتوں  اور وقتی شہرت ، نام و نموداور انعام و اکرام کے حصول کے لئے ادب کے اعلیٰ مرتبہ و مقاصد کو حرص و ہوس  کی بھینٹ چڑھا دیا ہے۔ جس کی وجہ کر معاصر ادب عامیانہ، سطحی ، بے وقعت اور غیر معیاری ہو کر سامنے آ رہا ہے۔ ایسے نا گفتہ بہہ حالات سے متنفر ہو کر کبھی دھیمے اور کبھی تیز سروں میں احتجاج کی بازگشت سنائی دیتی ہے۔  ماہنامہ ’ کتاب نما ‘ میں ہی زبیر رضوی نے  ’’ توتے نہیں اڑے ‘ ‘کے عنوان سے اپنے ایک مضمون  کی ابتدأ  یوں کی تھی۔۔۔۔۔۔      ’’  کتاب نما ‘‘کے پچھلے اداریوں کے کچھ جملے یہ ہیں :     ’’ مجھے ان لوگوں سے چڑھ ہے جو  دس پانچ افسانوں یا منظومات پر مشتمل مجموعہ چھپوا کر صاحب تصنیف بن بیٹھے ہیں اور پھر ہر کس و ناکس سے توقع اور تقاضا کرتے ہیں کہ ان پر توصیفی مضمون لکھے ‘‘   ( شمس الرحمٰن فاروقی )    ’’ ہمارے آج کے بیشتر ادیب خواہ بوڑھے ہوں، ادھیڑ ہوںیا پھر جوان، سب کے سب خود غرضی ، نمایشی، ، خود پرستی، ، منافقت، احساس کمتری، مصلحت پسندی اور گروہ بندی جیسی لعنتوں کا شکار ہو چکے ہیں۔ ‘‘ (فضیل جعفری)     ’’ ادب کے ان ہی مجاوروں کی بدولت اردو اکادمیوں اور سرکاری اداروں کا کام صرف مال غنیمت کی بندر بانٹ یعنی اعزازات اور نوازشات کی تقسیم باہمی ہو کر رہ گیا ہے ۔ ‘‘                   ( ظفر پیامی)    ان چند اقتباسات کے بعد تجزیاتی عمل سے گزرتے ہوئے زبیر رضوی آخر میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔     ’’  اب  موڑ وہ آ گیا ہے جب ہمیں ان لوگوں کو نام بنام سر عام  Expose کرناچاہیے جو اردو کے پورے منظر نامے کو دھندلا اور مٹ میلا کرنے کی شعوری کوشش میںلگے ہوئے ہیں ۔ ادبی سیاست میں گندہ کھیل کھلینے والوں کی سرزنش ضروری ہے۔ انھیں رسالوں ، محفلوں جلسوں اور ادبی تقاریب میں انگلی اٹھا کر شرمسار ہونے پر مجبور کرنا چاہیے۔ ‘‘                                                   (کتاب نما۔ دسمبر ۱۹۸۸ء، صفحہ: ۳۸)         ڈاکٹر قمر رئیس نے بڑی خوبصورتی  سے سیمینار باز  اردو اساتذہ کرام کے سلسلے میں اپنی رائے دی تھی، دیکھئے۔۔     ’’ اساتذہ کرام اردو خواہ تمام سال درس و تدریس سے دامن کش رہیں، لیکن مزاکروں کی گرمیٔ گفتار انھیں کھینچ لاتی ہے۔۔۔۔۔۔تجربہ تو  یہ بتاتا ہے کہ سمیناروں اور کانفرنسوں سے کم از کم  اردو ادب کا کوئی مسٔلہ حل نہیں ہوتا بلکہ دو چار مسٔلوں کا اضافہ ہی ہو جاتا ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔‘‘( کتاب نما۔ فروری ۲۰۱۵ )   مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ بعض جرأت مند نوجوان قلمکار ستائش کی تمنّا، نہ صلہ کی پرواہ  کئے  ،معاصر اردو ادب کے ناگفتہ بہہ حالات اور ایسے حالات کے مرتکب لوگوں کو Exposeکرنے کا حوصلہ دکھا رہے ہیں۔ مشہور صحافی زین شمسی نے دہلی میں منعقدہ کئی سیمیناروں کا حال زاردیکھ کر اپنے’ ’روزنامہ خبریں ‘‘  میں ’’ سمیناروں اور مشاعروں کے طوفان نے اردو کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ،اردو اداروں پر چند لوگوں کا قبضہ ‘‘ کے تحت ۲۳؍دسمبر ۱۴ء کے شمارہ میں جو کچھ لکھا ہے، وہ نام نہاد ادیب وشاعر کے لئے ایک تازیانہ ہے۔’’ ریختہ‘‘ سائٹ کے زمرد مغل نے دو قدم آگے بڑھ کر ایسے نقالوں (نقادوں) کو آئینہ دکھایا ہے۔  معروف نقاد حقانی ا لقاسمی نے اپنی تنقیدی کتاب ’’ادب کولاژ‘ ‘  میں ’ پچھلے دس سال کے اردو ادب کا سرسری جائزہ ‘ لیتے ہوئے لکھتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔   ’’  پچھلے دس برسوں میں ہندوستان میں یہ ہوا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا کہ جسے سنگ میل ، شان منزل یا یادگار کہا جا سکے ۔ ہاں اس دہائی کو Decade of Decline   قرار دیا جا سکتا ہے کہ ادبی جہاں میں قلب و نظر کی مہجوری عام رہی۔ زوال و بحران کا تسلط رہا ۔ اس دہائی میں دیکھنے کو صرف یہ ملا کہ اطاعت کی دہلیز پہ دست بستہ بالشتیوں کو بلندی کی ہی خلعت عطا کی گئی ۔‘‘ ( ادب کولاژ، صفحہ: 357)     حقانی القاسمی کے بعد ایک دوسرے نوجوان نقاد اور شاعر عاصم شہنواز شبلی نے بھی رسالہ ’ سہیل ‘ کے علی سردار جعفری نمبر میں’ ’عرض مدیر‘ ‘کے تحت جو کچھ لکھا ہے، اس کے مطالعہ سے اندازہ ہوتا ہے کہ عاصم شہنواز شبلی نے بڑی بے باکی سے ادب کے مافیایوں کے چہرے پر سے نقاب کشائی کی  سعی کی ہے۔ جی چاہتا ہے کہ ان کے ابتدائی جملوں ۔۔۔۔۔۔’’ موجودہ عہد میں ہر شئے کو صارفی اور اقتصادی نقطۂ نظر سے دیکھا جا رہا ہے ۔ جس کے نتیجے میں ہر چیز تجارتی اور بکاؤ ہو گئی ہے۔ رشتوں کے تقدس ، جزبات  و احساسات اور خواب و خواہشات سب کہرے کی دھند میں چھپے ہوئے ہیں ۔ ہر جگہ لین دین کا عمل جاری ہے ۔ شعر و ادب اور فنون و لطیفہ بھی اس سے مستثنٰی نہیں رہے ہیں ۔  ۔۔۔۔۔۔۔سے لے کر آخری حصّہ تک نقل کر دوں ، لیکن احساس طوالت سدّ راہ ہے، اس لئے’ ’عرض مدیر ‘‘ کے اس اقتباس پر اکتفأ کر رہا ہوں ، جس میں انھوں نے ایسے نام نہاد ادیبوں ،شاعروں اور سیمینارباز نقادوں کی جانب انگشت نمائی کی ہے ، جو معاصر ادب کو بازاری بنا کر شعر و ادب کا چہرہ نہ صرف مسخ کر رہے ہیں ، بلکہ اس کے تقدس اور اس کی حرمت کو بھی پامال کر رہے ہیں ۔ عاصم شہنواز شبلی لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔    ’’  اس لئے اب بہت ضروری ہو گیا ہے کہ  سنجیدہ اور متین اور باشعور و با صلاحیت قلم کاروں کو ادب کے تحفظ کے لئے سرگرم عمل ہونا ہوگا اور معیارو وقارکے ساتھ خود ساختہ عظمت کے مظاہر اور تخلیقی فکر و عمل سے نا آگاہ اچھل کود کرنے والوں کے خلاف اپنے قلم کو استعمال کرنا ہوگا، تب ہی انھیں ان کا وہ حق حاصل ہو سکے گا جس کے وہ مستحق ہیں۔ یہ ضروری ہے کہ ہم فن کار متحد ہو کر اس مسئلے پر غور کریںتاکہ شعر و ادب کا چہرہ مسخ نہ ہونے پائے اور سچّا تخلیق کار بد دل ہو کر راہ فرار نہ اختیار کر لے۔  ( رسالہ’ ’سہیل‘‘  علی سردارجعفری نمبر ، صفحہ: 6)      معاصر ادب اس وقت جس انتشار, زوال اور بے سمتی کا شکار ہے اور اس ضمن میں جن خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے ، وہ یقینی طور پر لمحۂ فکریہ ہے۔ اس کے سدّ باب کے لئے با ضمیر ، با وقار، ہوشمنداور سنجیدہ قلمکاروں کو میدان عمل میں متحرک ہو کر ان بد اعمالیوں کے خلاف نبرد آزما ہونے کی ضرورت ہے ، ورنہ تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ 

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا