کہابی جے پی کے قائدین یہ سوچ کر احمقوں کی جنت میں رہ رہے ہیں کہ وہ ترقی کے نام پر عوام کو بے وقوف بنائیں گے
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ جے کے این سی کے صوبائی صدر رتن لال گپتا نے بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کی بھارت وکاس سنکلپ یاترا کو ایک بڑا فلاپ شو قرار دیتے ہوئے اس پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی صرف جھوٹی بیانیہ تیار کرنے اور بنیادی مسائل سے توجہ ہٹا کر عوام کو گمراہ کرنے کے لیے ایسے پروگرام شروع کر رہی ہے جس کو حل کرنے میں وہ بری طرح ناکام رہی ہے۔آج یہاں میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں، نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ زعفرانی پارٹی کو فروغ دینے کے واحد مقصد کے ساتھ نئے آئیڈیاز لے کر آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے قائدین یہ سوچ کر احمقوں کی جنت میں رہ رہے ہیں کہ وہ ترقی (وکاس) کے نام پر عوام کو بے وقوف بنائے گی لیکن لوگوں کو پوری طرح احساس ہے کہ انہوں نے زعفرانی پارٹی کو ووٹ دے کر ایک غلطی کی ہے۔ وہ 2024 میں ہونے والے انتخابات کا انتظار کر رہے ہیں جب وہ اس پارٹی اور اس کی حکمرانی کو دروازہ دکھائیں گے۔رتن لال گپتا نے کہا کہ ترقی کے نام پر واقعات کو انجام دینا بی جے پی کے اقتدار میں رہنے کے لیے عوام کو دھوکہ دینے کے ٹیڑھے گیم پلان کا ایک لازمی حصہ ہے اور جموں و کشمیر اس کی گواہی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرکز کے زیر انتظام علاقے کے لوگ بی جے پی کے ساتھ دھوکہ دہی کا سب سے زیادہ شکار ہیں ۔وہیں’بھارت وکاس سنکلپ یاترا’ کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ بی جے پی پہلے بھی ‘بیک ٹو ولیج’، ‘مائی ٹاؤن مائی پرائیڈ’ جیسے پروگراموں کا انعقاد کرتی رہی ہے لیکن چونکہ یہ پروگرام عوامی حمایت حاصل کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں، اب اسے دوسری طرف منتقل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ بالا تمام پروگراموں میں اس طرح کی تقریبات کے دوران عوام کی طرف سے اجاگر کئے گئے مسائل آج بھی حل طلب ہیں۔