یواین آئی
ممبئی؍؍ بنگلہ دیش کے خلاف 3 سے 26 نومبر تک ہونے والی گھریلو سیریز کے لئے ہندستانی کرکٹ ٹیم کا انتخاب جمعرات کو کیا جائے گا۔ ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی سینئر سلیکشن کمیٹی اپنے اجلاس میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے ہندستانی ٹیم کا انتخاب کرے گی۔ ہندستان نے جنوبی افریقہ سے گھریلو ٹسٹ سیریز 3-0 سے جیتی ہے ۔ بنگلہ دیش کو ہندستان کے دورے میں تین ٹوئنٹی 20 اور دو ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں۔ پہلا ٹوئنٹی 20 دہلی میں تین نومبر کو کھیلا جائے گا۔ دوسرا میچ راجکوٹ میں سات نومبر کو اور تیسرا میچ ناگپور میں 10 نومبر کو ہوگا۔ پہلا ٹیسٹ اندور میں 14 نومبر سے اور دوسرا ٹیسٹ کولکتہ میں 22 نومبر سے کھیلا جائے گا۔ بی سی سی آئی اس سیریز کے لیے ہندستانی ٹیم کا انتخاب کرنے جا رہی ہے لیکن ادھر بنگلہ دیش میں قومی ٹیم کے کھلاڑی اپنے مطالبات کو لے کر ہڑتال پر جا چکے ہیں جس سے ہندستان کا دورہ متاثر ہو سکتا ہے ۔ اس دوران بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اس صورت حال کو لے کر ہنگامی میٹنگ بلائی ہے ۔