ممبئی، // سال 2023 میں شاہ رخ خان کی فلموں نے باکس آفس پر خوب کمائی کی اور ان کی فلموں کے جادو نے ناظرین کو متاثر کیا۔ پٹھان، جوان اور ڈنکی کے باکس آفس کلیکشن نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ شاہ رخ خان باکس آفس کے بادشاہ ہیں۔
شاہ رخ خان نے سال 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم زیرو کے فلاپ ہونے کے بعد فلموں سے بریک لے لیا تھا۔ شاہ رخ خان نے یش راج بینر تلے بننے والی فلم پٹھان سے فلم انڈسٹری میں شاندار واپسی کی۔پٹھان نے 657.5 کروڑ روپے کا مجموعی کلیکشن اور 1000 کروڑ روپے سے زائد کا ورلڈ وائڈ کلیکشن کیا۔پٹھان کے بعد شاہ رخ خان کی فلم جوان ریلیز ہوئی۔ جنوبی ہند کے ہدایت کار ایٹلی کمار کی ہدایت کاری میں بنی فلم ’جوان‘ باکس آفس پر ’پٹھان‘ سے زیادہ کامیاب رہی۔ شاہ رخ خان فلم جوان میں باپ بیٹے کے ڈبل رول میں نظر آئے تھے۔ جوان نے دنیا بھر میں 1100 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کی۔ شاہ رخ خان نے مختلف کرداروں میں اپنی اداکاری سے ثابت کیا کہ 55 سال کی عمر میں بھی وہ ہر انداز میں فٹ اور ہٹ ہیں۔
13 جنوری کو وشال بھاردواج کے بیٹے آسمان بھaردواج کی ہدایت کاری میں بننے والی ملٹی اسٹارر فلم ’کتے‘ ریلیز ہوئی تھی۔اس فلم میں ارجن کپور، کونکنا سین شرما، نصیر الدین شاہ، تبو اور رادھیکا مدن جیسے فنکار نظر آئے تھے۔ فلم کتے باکس آفس پر کوئی کمال نہیں دکھا سکی۔ سال 2023 میں شاہ رخ خان کی فلم پٹھان سے ہٹ فلموں کا آغاز ہوا۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم پٹھان نے باکس آفس پر خوب کمائی کی، فلم میں شاہ رخ خان کے علاوہ دیپیکا پاڈوکون اور جان ابراہم نے اہم کردار ادا کیے تھے۔ جان ابراہم نے پٹھان میں منفی کردار ادا کیا۔
روہت دھون کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم شہزادہ 17 فروری کو ریلیز ہوئی۔ فلم ’شہزادہ‘ الو ارجن کی ’الا ویکنتھا پورملو‘ کا ہندی ریمیک ہے۔ فلم شہزادہ میں کارتک آرین، کیرتی سینن، پریش راول، رونیت رائے اور منیشا کوئرالا مرکزی کردار میں ہیں۔ شہزادہ باکس آفس پر کوئی کمال نہ کر سکی۔ اکشے کمار اور عمران ہاشمی کی فلم سیلفی 24 فروری کو ریلیز ہوئی تھی۔ سیلفی 2019 ملیالم زبان کے کامیڈی ڈرامہ ’ڈرائیونگ لائسنس‘ کا ریمیک ہے۔ سیلفی بھی باکس آفس پر ڈھیر ہوگئی۔