نئی دہلی،//آج ملک کے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے 99 ویں یوم پیدائش کے موقع پر صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے دلی خراج عقیدت پیش کیا۔
راج گھاٹ کے نزیک آنجہانی لیڈر کی سمادھی سدیو اٹل پر صدر جمہوریہ، نائب صدر، وزیر اعظم، لوک سبھا کے اسپیکر کے علاوہ سابق صدر رام ناتھ کووند، بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر خزانہ نرملا سیتارامن، مرکزی وزیر اشونی وشنو، انوراگ ٹھاکر، ارکان پارلیمنٹ اور مختلف ممالک کے سفیروں نے گلہائے عقیدت نذر کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر بھجن گائے گئے۔ سابق وزیر اعظم کے یوم پیدائش کو ملک میں گڈ گورننس ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔
مسٹر مودی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا ’’ سابق وزیر اعظم محترم اٹل بہاری واجپئی جی کو ان کی یوم پیدائش پر ملک کے تمام کنبہ کے افراد کی طرف سےمیرا دلی خراج عقیدت۔ وہ زندگی بھر قوم کی تعمیر کو رفتار دینے میں مصروف رہے۔ مادر ہند کے لیے ان کی لگن اور خدمت کا جذبہ امرت کال میں بھی تحریک کا ذریعہ رہے گا۔‘‘
مسٹر برلا نے کہا ’’اٹل جی نے ہمیشہ ملک کو سرفہرست رکھا۔ پہلے ملک کا جذبہ ان کے ہر فیصلے کی بنیاد ہوتا تھا۔ اپنی قائدانہ صلاحیتوں اور کام کرنے کی صلاحیت سے انہوں نے ایک مضبوط ہندوستان کی تعمیر کی۔ پارلیمانی روایات کو تقویت دینے میں اٹل جی کا اہم کردار تھا۔ ان کی یاد میں آج گڈ گورننس ڈے منایا جا رہا ہے، ہم عوامی فلاح و بہبود کی حکمرانی کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
مسٹر نڈا نے کہا ’’اٹل جی ہندوستانی سیاست کے بلند ترین شخص ، ہمارے رہنما، ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان کی پوری زندگی ملک کی ترقی اور عوامی خدمت کے لیے وقف ہمیشہ ہمارے لئے تحریک رہے گی۔
مسٹر شاہ نے کہا ’’میں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی جی کو ان کی یوم پیدائش پر یاد کرتا ہوں اور انہیں نمن کرتا ہوں۔ اٹل جی نے ملک اور سماج کی بے لوث خدمت کی اور بی جے پی کے قیام کے ذریعے ملک میں قوم پرست سیاست کو ایک نئی سمت دی۔ جہاں ایک طرف انہوں نے ایٹمی تجربات اور کارگل جنگ کے ذریعے دنیا کو ابھرتے ہوئے ہندوستان کی طاقت کا احساس دلایا تو دوسری طرف ملک میں گڈ گورننس کے وژن کو عملی جامہ پہنایا۔ ملک ان کی عظیم خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔