یواین آئی
نئی دہلیسکم سیکٹر کے قریب ہندوستان بھوٹان اور چین کی سرحد سے ملحق ڈوکلام میں چین کی طرف سے مسلسل جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے درمیان وزیر دفاع نرملا سیتا رمن اگلے ماہ چین کے دورے پر جائیں گی۔محترمہ سیتا رمن نے آج یہاں ایک پروگرام میں چین کے اپنے دورے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں نامہ نگاروں سے کہا، ”ہاں یہ دورہ غالبا اپریل کے آخر میں ہوگالیکن مارچ میں نہیں ہوگا جیسا کہ میڈیا میں بیان کیا جار ہاہے ”، مگر انہوں نے اس دورہ کے ایجنڈے کے بارے میں کچھ بھی کہنے سے انکار کر دیا۔ڈوکلام علاقہ میں گذشتہ برس ہندوستان اور چین کی فوج کے درمیان تقریبا ڈھائی مہینہ تک جاری تعطل کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی رہی ہے اور اس دورہ کو تعلقات بحال کرنے کی کوششوں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ ڈوکلام تعطل کے بعدہندوستان کی وزیر دفاع پہلی بار چین کے دورے پر جا رہی ہیں۔تعطل والی جگہ سے اپنے فوجیوں کو ہٹانے کے بعد پچھلے کچھ عرصہ سے چین نے ایک بار پھر وہاں فوجیوں کی تعداد بڑھا دی ہے اور اس سے ملحق علاقہ میں تعمیراتی سرگرمیوں میں بھی تیزی آئی ہے ۔ کچھ عرصہ پہلے چینیوں نے اروناچل پردیش میں ہندوستانی سرحد میں تقریبا ایک کلومیٹر اندر آکر سڑک بنانے کی کوشش کی تھی حالانکہ ہندوستان کی طرف سے اس کی بر وقت مخالفت کے بعد چینی اپنے علاقہ میں واپس لوٹ گئے تھے ۔ان واقعات کے پیش نظر وزیر دفاع کا دورہ کو کافی اہم سمجھا جا رہا ہے ۔